رسائی کے لنکس

کیپٹل ہل پر حملے کی سماعت، پہلے روز چار پولیس افسروں کی گواہی


پولیس افسر کانگریس کی کمیٹی کے سامنے چھ جنوری کو کیپٹل ہل پر حملے کی سماعت میں گواہی دے رہے ہیں۔ 27 جولائی 2021
پولیس افسر کانگریس کی کمیٹی کے سامنے چھ جنوری کو کیپٹل ہل پر حملے کی سماعت میں گواہی دے رہے ہیں۔ 27 جولائی 2021

امریکی پولیس کے چار افسروں نے منگل کے روز 6 جنوری کو واشنگٹن میں کانگریس کی عمارت پر دھاوا بولنے کے واقعات کی تحقیقات کرنے والی کانگریس کی کمیٹی کو ان تفصیلات سے آگاہ کیا کہ کس طرح سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے کانگریس کی عمارت کے اندر گھس کر جو بائیڈن کی امریکی صدر کے طور پر توثیق کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔

پولیس افسروں نے، جن میں سے دو کا تعلق یو ایس کیپٹل پولیس فورس اور دو کا واشنگٹن سٹی پولیس کے محکمے سے تھا، بتایا کہ جب تقریباً 800 بلوائیوں نے قانون نافذ کرنے والے حکام پر قابو پاتے ہوئے، نسلی اور سیاسی نعروں سے ان کا تمسخر اڑاتے ہوئے، پولیس کے ساتھ دست بدست لڑتے ہوئے، ان پر سوزش پیدا کرنے والا کیمیکل چھڑکتے ہوئے اور ان کے ہتھیار چھیننے کی کوشش کرتے ہوئے کانگریس کی عمارت پر دھاوا بولا تو انہیں اپنی جان کا خطرہ پیدا ہو گیا۔

پولیس اہل کاروں نے یہ گواہی چھ ماہ قبل کانگریس کی عمارت پر ہونے والے مہلک حملے کی عوامی سماعت کے پہلے روز دی۔ یہ حملہ امریکہ کی دو سو سال سے زیادہ پرانی تاریخی کیپٹل کی عمارت پر، جسے امریکی جمہوریت کی ایک علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے، پر ہونے والا بدترین حملہ تھا۔

ڈیموکریٹ پارٹی کے سات ارکان کانگریس اور ری پبلکن پارٹی کے دو قانون ساز پر مشتمل کمیٹی نے اس گواہی کی سماعت کی، جب کہ قومی ٹیلی وژن کے ناظرین نے اسے دیکھا۔

چھ جنوری کو کانگریس کی عمارت پر حملے کی سماعت میں پہلے روز گواہی دینے والے چار پولیس اہل کار۔
چھ جنوری کو کانگریس کی عمارت پر حملے کی سماعت میں پہلے روز گواہی دینے والے چار پولیس اہل کار۔

ساڑھے تین گھنٹے کی اس سماعت میں یو ایس کیپٹل پولیس کے افسر اکی لینو گونیل نے بتایا کہ بلوائیوں نے اسے غدار اور بے شرم قرار دیتے ہوئے چلا کر کہا کہ تمہیں مار دینا چاہیے۔

گونیل نے بتایا کہ اس روز ہمیں وہاں قرون وسطیٰ جسے میدان جنگ کا سامنا تھا۔ ہم نے اپنے جمہوری عمل کو پرتشدد ہجوم سے بچانے کے لیے دست بدست اور ایک ایک انچ کے لیے لڑائی لڑی۔

گونیل نے بتایا کہ ایک موقع پر بلوائیوں کے حملے میں وہ کچلے جانے کے قریب تھے۔ اس وقت میں نے سوچا کہ شاہد میں اس طرح مرنے جا رہا ہوں۔

واشنگٹن پولیس کے افسر مائیکل فینان نے قانون سازوں کو بتایا کہ مجھے بلوائیوں نے دبوچا، مارا پیٹا اور اس دوران وہ مجھے ملک کا غدار کہہ کر پکارتے رہے۔ اس وقت مجھے یہ خطرہ لاحق تھا کہ میں اپنے ہی اسلحے سے مارا جاؤں گا۔

اس نے بتایا کہ مجھے بار بار بجلی کے جھٹکے دیے گئے۔ میں اس وقت چیخ چلا رہا تھا، لیکن میں اپنی ہی آواز نہیں سن پا رہا تھا۔

پولیس افسر گونیل چھ جنوری کے حملے کے واقعات بیان کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گیا۔
پولیس افسر گونیل چھ جنوری کے حملے کے واقعات بیان کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گیا۔

واشنگٹن پولیس کے افسر ڈینیئل ہوگز نے، جو کیپٹل ہل کے ایوان کے دروازے میں پھنس گئے تھے، بتایا کہ بلوائیوں نے چیخ کر کہا تم اسی طرح کچل کر مر جاؤ گے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس بلوائیوں کے ہجوم کو روکنے کے قابل نہیں رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایک بلوائی نے اپنا انگوٹھا میری آنکھ میں گھسا کر اسے نکالنے کی کوشش کی۔ میں مدد کے لیے چلایا تو اس وقت کچھ اور پولیس اہل کار وہاں آ گئے اور انہوں نے میری جان بچائی۔

یو ایس کیپٹل پولیس کے ہیری ڈن نے، جو سیاہ فام ہیں، بتایا کہ بلوائیوں نے یہ تصور کرتے ہوئے کہ میں نے بائیڈن کو ووٹ دیا ہے، مجھ پر نسلی تعصب کے جملے کسے۔

انہوں نے کہا کہ اس روز جو کچھ ہوا، مجھے آج بھی اس پر دکھ ہوتا ہے۔

اس حملے کے دوران ایک بلوائی کیپٹل پولیس افسر کی گولی سے مارا گیا۔ تین بلوائی طبی ایمرجنسی کے باعث ہلاک ہوئے۔ دو پولیس اہل کاروں نے اس واقعہ کے باعث خودکشی کی۔ جب کہ 500 سے زیادہ بلوائیوں پر مختلف فوجداری دفعات کے تحت مقدمے چلائے جا رہے ہیں۔

امریکی کانگریس پر چڑھائی: سیکیورٹی ناکامی کا ذمہ دار کون؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:52 0:00

کیپٹل ہل پر چھ جنوری کو بلوائیوں کے حملے کے بعد کے عرصے میں متعدد ری پبلکنز نے سابق صدر ٹرمپ کے اپنے حامیوں کے لیے اس بیان کے اثر کو گھٹانے کی کوشش میں کہ 'ڈٹ کر لڑو' کو، جو انہوں نے بائیڈن سے الیکشن ہارنے کی صورت حال کو بدلنے کے لیے دیا تھا، کیپٹل ہل پر تشدد کو کم سے کم کیا ہے۔

ایک قانون ساز نے کہا تھا کہ وہ 800 افراد جو کیپٹل ہل میں داخل ہوئے تھے، ان کی حیثیت عمومی طور پر سیاحوں جیسی تھی۔ جب کہ کچھ ری پیلیکنز نے کیپٹل ہل کی حفاظت کرنے والے پولیس اہل کاروں کی تعظیم کے خلاف ووٹ دیا تھا۔

ری پبلکنز رہنما یہ موقف برقرار رکھے ہوئے ہیں کہ اس بلوے کی نفاذ قانون کے اداروں کی جانب سے مناسب طور پر تفتیش کی جا رہی ہے جس کے بعد کانگریس کی کمیٹی کے تحت تازہ ترین تحقیقات محض ایک سیاسی کارروائی ہے جسے اگلے سال ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کو نقصان پہنچانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

جب کہ سینیٹ میں ری پبلکنز ارکان نے اس بارے میں دونوں جماعتوں پر مشتمل کمشن کے قیام کا راستہ روک دیا ہے جس کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ چھ جنوری کی ہلاکت خیز افراتفری کیوں اور کیسے وقوع پذیر ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG