رسائی کے لنکس

فرانس میں ریل حادثہ، چھ افراد ہلاک


ریلوے حکام کے مطابق حادثہ جس وقت پیش آیا اس وقت ٹرینوں میں مسافروں کا اژدھام ہوتا ہے۔ ٹرین میں 370 افراد سوار تھے جن میں سے بیشتر گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے جارہے تھے

فرانس کے وسطی علاقے میں ایک ٹرین کے پٹری سے اترنے اور پلیٹ فارم سے ٹکرانے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور 22 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق حادثے میں درجنوں مسافر معمولی زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں جائے حادثہ کے نزدیک واقع اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

حکام نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ٹرین دارالحکومت پیرس سے لیبژ شہر جارہی تھی جب پیرس سے 26 کلومیٹر جنوب میں واقع ایک نواحی ریلے اسٹیشن پر اس کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور پلیٹ فارم سے جا ٹکرائیں۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثہ جس وقت پیش آیا اس وقت ٹرینوں میں مسافروں کا اژدھام ہوتا ہے۔ ٹرین میں 370 افراد سوار تھے جن میں سے بیشتر گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے جارہے تھے۔

حادثہ اتنا شدید تھا کہ کئی لاشیں مسخ ہوگئی ہیں جن کی شناخت میں حکام کو دشواری پیش آرہی ہے۔ مذکورہ ریلوے اسٹیشن کو تین روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

جائے حادثہ سے شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کی نوعیت کے پیشِ نظر حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

فرانس کے صدر فرانسس اولاں نے ہلاک و زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے حادثے کی ہر زاویے سے تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG