رسائی کے لنکس

گلوبل فنڈ کے لیے 750 ملین ڈالرز کا عطیہ


بل اور ملینڈا گیٹس (فائل)
بل اور ملینڈا گیٹس (فائل)

اس عطیے کا اعلان جمعرات کو بلِ گیٹس کے فلاحی ادارے 'بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاوٴنڈیشن' نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے دوران کیا

تین مہلک ترین بیماریوں- ایڈز، ملیریا اور تپِ دق- کے خلاف سرگرمِ عمل عالمی ادارے کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے 750 ملین ڈالرز کے عطیے کی پیش کش ہوئی ہے۔

عطیے کا اعلان جمعرات کو معروف ٹیکنالوجی فرم 'مائیکروسوفٹ' کے بانی بلِ گیٹس کے فلاحی ادارے 'بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن' نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے دوران کیا۔

بِل گیٹس کا کہنا ہے کہ اس عطیہ کے نتیجے میں 'گلوبل فنڈ ٹو فائٹ ایڈز، ملیریا اینڈ ٹیوبر کلوسس' کی کارکردگی پر ڈرامائی اثرات پڑیں گے۔

عالمی فنڈ کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی سرگرمیوں اور حکمتِ عملی سے دنیا بھر میں 65 لاکھ افراد کی زندگیاں بچائی ہیں جب کہ ادارے کو امید ہے کہ اس کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں کے نتیجے میں رواں سال مزید 10 لاکھ لوگوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکے گا۔

'گلوبل فنڈ' کی بنیاد 10 سال قبل ڈالی گئی تھی اور اپنے قیام سے اب تک یہ ادارہ تین ہلاکت خیز بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے طریقوں اور منصوبوں کی تشکیل میں شہریوں، سائنس دانوں اور حکومتوں کی اعانت کرتا آرہا ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ کم اور متوسط آمدنی والے ممالک میں زیرِ علاج ایڈز کے کل مریضوں میں سے نصف اس کے منصوبوں سے مستفید ہورہے ہیں۔

ادارے کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ دنیا بھر میں ملیریا کے 65 فی صد اور تپِ دق کے 85 فی صد مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات اس کے تعاون سے بہم پہنچائی جارہی ہیں۔

صحت کی عالمی تنظیموں کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ایڈز اور ملیریا کے سب سے زیادہ مریض افریقہ کے صحرائے صحارا کے جنوبی ممالک میں موجود ہیں جب کہ ان ممالک میں تپِ دق سے ہونے والی ہلاکتوں کی شرح بھی دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

XS
SM
MD
LG