رسائی کے لنکس

پاکستان کو گال ٹیسٹ میں 246 رنز سے شکست، دو میچز کی سیریز 1-1 سے برابر


کپتان بابر اعظم 81، امام الحق 49 اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
کپتان بابر اعظم 81، امام الحق 49 اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

سری لنکا نے گال ٹیسٹ میں پاکستان کو 246 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔

سری لنکن اسپن بالنگ کے سامنے پاکستان بیٹںگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور دوسری اننگز میں 508 رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم 261 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ کپتان بابر اعظم 81، امام الحق 49 اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

گال ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا تیسرے اور پاکستان ٹیم پانچویں نمبر پر پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر موجود ابتدائی دو ٹیموں کے درمیان 2023 میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

کھیل کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے ایک وکٹ پر 89 رنز سے اپنی نامکمل اننگز شروع کی تو امام الحق 46 اور بابر اعظم 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

سری لنکا نے ابتدائی اوورز میں ہی امام الحق کو پویلین بھیج کر نہ صرف مہمان ٹیم پر دباؤ ڈالا بلکہ ہدف کے تعاقب کی کوششوں کو بھی شدید دھچکا پہنچایا۔

امام الحق 49 رنز بنا کر مینڈس کا شکار بنے جس کے بعد وکٹ پر آنے والے بلے باز محمد رضوان نے بابر کے ساتھ مل کر رنز کو آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا۔

دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ پر 79 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور176 تک پہنچا تو رضوان جے سوریا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ وہ چھ چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنا سکے۔

امام الحق دوسری اننگز میں 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
امام الحق دوسری اننگز میں 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

چوتھے نمبر پر آنے والے بلے باز فواد عالم ایک رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے جب کہ پہلی اننگز میں نصف سینچری اسکور کرنے والے آغا سلمان دوسری اننگز میں چار رنز ہی بنا سکے۔

پاکستان کا مجموعی اسکور 205 تک پہنچا تو کپتان بابر اعظم پراباتھ جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جس کے بعد یاسر شاہ ، حسن علی اور نسیم شاہ آؤٹ ہونے والوں میں شامل تھے۔

سری لنکا کی جانب سے پراباتھ جے سوریا نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کی جب کہ رامیش مینڈس چار وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

واضح رہے کہ گال ٹیسٹ میں میزبان سری لنکا نے پہلی اننگز میں 378 اور دوسری میں آٹھ وکٹوں پر 360 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 508 رنز کا ہدف ملا تھا۔

XS
SM
MD
LG