رسائی کے لنکس

افغانستان میں سویلین ہلاکتوں پر امریکی وزیرِدفاع کی معذرت


افغانستان میں سویلین ہلاکتوں پر امریکی وزیرِدفاع کی معذرت
افغانستان میں سویلین ہلاکتوں پر امریکی وزیرِدفاع کی معذرت

امریکی وزیرِدفاع رابرٹ گیٹس نے گزشتہ ہفتے اتحادی افواج کی بمباری سے نو افغان شہریوں کی حادثاتی ہلاکت کو ایک "دھچکہ" قرار دیتے ہوئے واقعہ پر معذرت طلب کی ہے۔

پیر کے روز کابل میں افغان صدر حامد کرزئی کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں امریکی وزیرِدفاع نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اتحادی افواج کی جانب سے معذرت طلب کی جسے افغان صدر نے قبول کرلیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ منگل کو افغانستان کے شمال مشرقی صوبے کنڑ میں نیٹو کے فضائی حملے میں نو افغان نوجوانوں کی حادثاتی ہلاکت کے باعث اتحادی افواج اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

ایک روز قبل صدر کرزئی نے افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج کے امریکی سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کی جانب سے واقعہ پر طلب کی گئی معذرت کو "ناکافی" قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔صدر کرزئی کا کہنا تھا کہ نیٹو کی کارروائیوں کے نتیجے میں ہونے والی شہری ہلاکتیں افغان عوام اور حکومت کیلیے مزید بالکل بھی قابل قبول نہیں ہیں۔

لکڑیاں چننے والے ان نو افغان نوجوانوں کو عسکریت پسندوں کے شبہ میں نیٹو طیاروں نے بمباری کا نشانہ بنایا تھا۔ واقعے پر دارالحکومت کابل سمیت افغانستان کے کئی علاقوں میں امریکہ مخالف احتجاجی مظاہرے بھی منعقد ہوئے تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں رابرٹ گیٹس نے امید ظاہر کی کہ امریکہ کیلیے افغانستان میں تعینات افواج کے انخلاء کا عمل رواں سال جولائی سے شروع کرنے کیلیے حالات سازگار رہینگے۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ امریکہ 2014ء میں افغانستان سے تمام لڑاکا فوجی دستوں کے انخلاء کے بعد بھی علاقے میں کسی درجہ میں اپنی فوجی موجودگی برقرار رکھنے پر غور کرسکتا ہے۔

امریکی وزیردفاع پیر کی صبح افغانستان کے دوروزہ دورے پر کابل پہنچے تھے۔ ان کے دورے کا مقصد افغان جنگ میں پیش رفت کا جائزہ لینا اور افغان رہنمائوں سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

اپنی افغانستان آمد کے بعد فوری بعد رابرٹ گیٹس نے کابل کے شمال میں واقع اتحادی افواج کے مرکز بگرام ایئر بیس کا دورہ کرکے امریکی فوجیوں سےخطاب کیا۔

اپنے خطاب میں امریکی وزیرِدفاع کا کہنا تھا کہ رواں سال موسمِ سرما میں اتحادی افواج نے افغان شدت پسندوں کے خلاف جنگ میں خاصی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والا موسمِ بہار اور گرمیاں عالمی افواج کیلیے مزید سخت ہوسکتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG