جرمنی میں عہدے داروں نے کہاہے کہ فرینکفرٹ ائیر پورٹ پر بدھ کی فائرنگ کے واقعہ میں، جس میں دو امریکی ایئر مین ہلاک ہوگئے تھے، گرفتار مشتبہ شخص نے اپنے جرم کا اقرار کرلیا ہے۔
21 سالہ مشتبہ مسلح شخص ارید کوکا نے، جس کا تعلق کوسوو سے ہے، جرمنی کی ایک عدالت میں پیش ہونے سے قبل اپنا اعترافی بیان جاری کیا ہے۔
اس واقعہ میں دو اور ایئر مین زخمی ہوئے تھے جن میں ایک کی حالت تشویش ناک ہے ۔
مشتبہ شخص یہ فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر فائر اس وقت کھولا تھا جس ایک بس امریکی ایئرفورس کے ارکان کو لے جارہی تھی۔
جرمنی کے وفاقی پراسیکیوٹرز کا کہناہے کہ ان کا خیال ہے کہ اس فائرنگ کا محرک اسلامی انتہاپسندی تھی۔
بدھ کے روز امریکی صدر براک اوباما نے کہاتھا کہ انہیں اس حملے پر شدید دکھ ہوا ہے۔
جرمن چانسلر آنگلا مرخیل نے متاثرین کے خاندانوں سے اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس واقعہ کی مکمل چھان بین کرے گی۔
کوسوو کی حکومت نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔