رسائی کے لنکس

انڈین میچ میکنگ: اپرنا 'رشتے والی آنٹی' سے نالاں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

"مجھے زندگی میں شریکِ حیات چاہیے، اب چاہے وہ گروسری اسٹور پر سیب خریدتے ہوئے ملے یا پھر ٹی وی شو پر یا کسی رشتے والی آنٹی کی مدد سے۔ میرے لیے ہر تجربہ اہم ہے۔"

یہ کہنا ہے اپرنا شیوکرمنی کا، جو آن لائن اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے مشہور ریئلیٹی شو 'انڈین میچ میکنگ' کا حصہ ہیں۔ اس شو میں آٹھ لڑکے لڑکیاں رشتے کی تلاش میں ہیں۔

نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے اس شو میں بھارت کی ایک مشہور میچ میکر سیما تاپڑیہ امریکہ اور بھارت میں بسنے والے خاندانوں میں شادیاں کرانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

اس شو میں اپرنا شیوکرمنی جب رشتوں کو مسترد کرتی ہیں تو رشتوں والی آنٹی سیما انہیں 'ضدی' کہتی ہیں۔ سیما کا خیال ہے کہ اپرنا کو اچھا رشتہ حاصل کرنے کے لیے خود کو بدلنا پڑے گا۔

شو کو نسل، رنگ، ذات پات پر مبنی معیار کی سوچ کو فروغ دینے کی وجہ سے تنقید کا بھی سامنا ہے۔ اس شو نے سوشل میڈیا پر جنوبی ایشیا میں شادی سے متعلق رویوں پر بحث مباحثے کو بھی جنم دیا ہے۔

'انڈین میچ میکنگ' سیریز میں شریک اپرنا شیوکرمنی
'انڈین میچ میکنگ' سیریز میں شریک اپرنا شیوکرمنی

امریکہ کے شہر ہیوسٹن کی رہائشی 35 سالہ اپرنا پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں جو شادی کرنا چاہتی ہیں۔ وہ سمجھتی ہیں کہ ایک کامیاب سنگل خاتون ہونے کے ناتے اُنہیں معلوم ہے کہ اُن کا شریکِ حیات کیسا ہونا چاہیے۔

اُن کے بقول، "مجھے اپنی زندگی میں بہترین جیون ساتھی چاہیے۔ میں نے شو کے اندر بھی اپنی آواز دبنے نہیں دی۔ مجھے میرا ہونے والا شوہر چاہے کہیں بھی ملے لیکن مجھے پتا ہے کہ اسے کیسا ہونا چاہیے۔"

وائس آف امریکہ سے گفتگو کے دوران اپرنا نے شو میں لڑکیوں کے لیے رشتے کے متنازع پہلوؤں سے متعلق کہا کہ اُن کے خیال میں شو نے دنیا کو یہ دکھا دیا ہے کہ اصل میں بھارت میں شادی کیسے ہوتی ہے۔

اپرنا نے کہا کہ آپ اُن تمام پہلوؤں کا ذکر شو میں دیکھیں گے جو اکثر لڑکی کی تلاش کے موقع پر سامنے آتے ہیں، جیسا کہ لڑکی کا قد کتنا لمبا ہونا چاہے، اس کے بال، آنکھیں وغیرہ وغیرہ۔

اُن کے بقول "میرا قد پانچ فٹ تین انچ ہے۔ چنانچہ رشتے کے لیے قد کا جو معیار طے کیا گیا ہے، میں بمشکل ہی اس پر پورا اترتی ہوں۔ اگر میرا قد پانچ فٹ دو انچ ہوتا تو کیا سیما آنٹی کے لیے مجھے پسند نہ کرنے کی یہ ایک اور وجہ بنتی؟"

اپرنا کا خیال ہے کہ سیما آنٹی پرانے خیالات کی مالک ہیں جب کہ وہ خود آزاد خیال ہیں۔

اپرنا کا کہنا ہے کہ "میرے اور سیما آنٹی کے خیالات میں بہت فرق ہے اور شاید یہ جنریشنز میں سوچ کا فرق ہے کیوں کہ سیما آنٹی میری طرح آزاد سوچ نہیں رکھتیں۔"

اپرنا نے گلہ کیا ہے کہ سیما آنٹی نے اُنہیں سمجھنے کی زیادہ کوشش نہیں کی۔ تاہم وہ شو میں حصہ لینے کے اپنے فیصلے کا دفاع کرتی ہیں۔

اپرنا نے بتایا کہ شو کے دوران اُنہیں ایسا لگا کہ اگر وہ سیما آنٹی کو سمجھا سکیں کہ اُنہیں کیسا لڑکا چاہیے تو شاید وہ سمجھنے کی کوشش کریں گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔

اُن کے بقول ہر کوئی کہہ رہا تھا کہ شو کے دوران ان کے رویے میں تبدیلی دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ لیکن میرا جواب تھا کہ میں نے تو سیما آنٹی سے امید لگانا ہی چھوڑ دی تھی۔

اپرنا نے بتایا کہ شو کے دوران اس سارے تجربے میں انہوں نے تین اچھے دوست بنا لیے ہیں۔

اُن کے خیال میں لڑکیوں کو بچپن سے ہی سکھایا جاتا ہے کہ اُنہیں اچھا لگنا ہے اور کبھی کبھی یہ سوچ اُنہیں اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے سے روکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG