ذرائع ابلاغ کے بین الاقوامی مبصرین نےمنگل کو افغانستان کے طالبان حکمرانوں سے ملک کے دو صحافیوں کے مبینہ طور پر لاپتا ہونے کے واقعے کی فوری چھان بین کرنے اور ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
لاپتا صحافیوں کے رشتہ داروں اور ساتھی کارکنوں کے مطابق، علی اکبر خیرخواہ اور جمال الدین دلدار دارالحکومت کابل سے 24 مئی سے لاپتا ہیں۔
خیرخواہ فوٹو جرنلسٹ اور رپورٹر ہیں جو مقامی روزنامہ 'صبح کابل' کے لیے کام کرتے ہیں۔ رپورٹنگ اور یونیورسٹی کی کلاسوں میں حاضری دینے کے لیے، وہ 24 مئی کی صبح سویرے دارالحکومت کے کوٹے سنگی علاقے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ تب سے ان کی والدہ اور بھائی نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ انھیں ان سے متعلق کوئی معلومات نہیں ملیں۔ انھوں نے بتایا کہ ان کا طالبان حکام سے بھی رابطہ ہوا ہے، جن پر صحافیوں کے اغوا کا شبہ ہے ، لیکن انھوں نے اس معاملے میں ملوث ہونے سے انکار کیا ۔
دلدار افغانستان کے جنوب مشرقی صوبہ پکتیا میں 'وائس آف گردیز' ریڈیو کے سربراہ ہیں۔ ان کے اہل خانہ اور سینئر ساتھیوں نے ان کی گرفتاری کا ذمہ دار طالبان کو قرار دیا ہے۔ تاہم، انھیں ان کی گرفتاری کی وجہ کا علم نہیں ہے۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے طالبان پر زور دیا ہے کہ دونوں صحافیوں کے لاپتا ہونے کی فوری تفتیش کی جائے۔ انھوں نے کہا ہے کہ افغانستان میں صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدام لینے کی ضرورت ہے۔
صحافیوں کے نگراں ادارے نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ اگست 2021ء میں جب سے طالبان نے ملک کا کنٹرول سنبھالا ہے، طالبان کی جانب سے آزادی صحافت اور تحفظ کی یقین دہانی کے باوجود، ملک میں صحافیوں کو ہراساں کرنے، ان کے اغوا، ان پر حملوں اور زیر حراست لینے کے واقعات جاری ہیں۔
طالبان نے نو ماہ قبل اس وقت کی مغرب کی حمایت یافتہ افغان حکومت سے اقتدار چھینا، جس سے چند ہی دن قبل امریکی قیادت والی بین الاقوامی افواج کا اس تنازع زدہ ملک سے انخلا مکمل ہوا۔
اگست سےاب تک افغانستان سے اندازاً 1000صحافی ملک چھوڑ چکے ہیں، کیونکہ انھیں دھمکیاں، سخت قدغنوں اور معاشی تباہی کا خوف لاحق تھا، جب کہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کے مطابق، بہت سے مقامی اخباری ادارے بند ہوچکے تھے۔ نگران ادارے نے بتایا کہ مئی 2021ء سے اپریل 2022ء تک کے عرصے میں ملک میں 75 میڈیا رائٹس کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، جب کہ 12 صحافی ہلاک اور 30 گرفتار کیے گئے ہیں۔