یونان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے اور یوروزون میں رکھنے کی کوششوں میں بدھ کو اس وقت تیزی آئی جب یونان نے باضابطہ طور پر تین سال معیاد کے قرض کی درخواست دی اور یورپی حکام نے اس درخواست کا تیز رفتار جائزہ شروع کیا۔
یونانی وزیر اعظم الیکسس سیپراس نے یورپی پارلیمان سے خطاب میں کہا کہ یونان نے اپنے ماضی کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ایک منصفانہ معاہدے کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی یونین کے رہنماؤں نے یونان کو قابل عمل اصلاحات تجویز کرنے کے لیے پانچ دن کی مہلت دی تھی۔
حکومت نے ’’یونان کے قرضوں کی ادائیگیوں اور اس کے مالی نظام کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے‘‘ یورپین سٹیبیلیٹی میکنزم بیل آوٹ فنڈ سے ایک نامعلوم رقم کے قرض کا مطالبہ کیا ہے۔
اس نے وعدہ کیا کہ وہ قرض دہندگان کی طرف سے مانگی جانے والی ٹیکس اور پینشن اصلاحات کا اطلاق پیر سے ہی شروع کر دے گا۔
بینک بند، پیسے نکالنے پر پابندی اور معیشت زوال کا شکار ہونے سے پہلے کبھی یونان دیوالیہ ہونے کے اتنا قریب نہیں پہنچا تھا، جس سے وہ یورو چھوڑ کر اپنی کرنسی چھاپنے پر مجبور ہو سکتا ہے۔
یورپی حکام نے ’روئیٹرز‘ کو بتایا کہ بیل آؤٹ منظور ہونے سے قطع نظر کچھ یونانی بینکوں کو بند کر کے انہیں بڑے حریفوں کے حوالے کیا جا سکتا ہے۔