انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنا ڈیبیو کرنے والی ٹیم گجرات ٹائٹنز نے ایونٹ کے 15ویں ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
بھارت کے شہر احمد آباد میں اتوار کو آئی پی ایل کا فائنل ٹاکرا راجستھان رائلز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان ہوا۔ رائلز کے کپتان سانجو سیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا سکی۔
ایک آسان ہدف کے تعاقب میں گجرات ٹائٹنز کے بلے بازوں کو نہ صرف میچ بلکہ ٹائٹل جیتنے میں کوئی دشواری پیش نہ آئی۔
ایونٹ میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والی ٹیم گجرات ٹائٹنز کے بیٹرز نے شاندار کھیل پیش کیا اور 19ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے ایونٹ میں پہلی مرتبہ ٹائٹل بھی حاصل کر لیا۔
ٹائٹنز کی جانب سے شبمن گل نے 43 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔ کپتان ہاردک پانڈیا 34، وکٹ کیپر بلے باز وردمن ساہا پانچ اور میتھیو ویڈ آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ڈیوڈ ملر 32 رنز کے سات ناٹ آؤٹ رہے۔
راجستھان رائلز کی جانب سے ٹرینڈ بولٹ، یزندرا چاہل اور پرادش کرشنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل راجستھان رائلز نے پہلے بیٹنگ کی تو جوز بٹلر کے سوا کوئی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ بٹلر نے پانچ چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔
یشوی جیسوال 22، کپتان سنجو سمن 14، دیودت پڈیکل دو، شیمرون ہیٹمر 11، روی چندرن ایشون چھ، ریان پارگ 15، ٹرینٹ بولٹ 11 اور اوبیک میکی آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
گجرات ٹائٹنز کے کپتان ہاردک پانڈیا نے تین، روی سرینواسن دو، راشد خان، محمد شامی اور یاش دایال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ایونٹ کے فائنل میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر ہاردک پانڈیا کو 'مین آف دی میچ' کے اعزاز سے نوازا گیا جب کہ پورے ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے جوز بٹلر ایونٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
بٹلر نے راجستھان رائلز کی جانب سے 863 رنز بنائے تھے جب کہ رائلز کے ہی بالر یزوندرا چاہل 27 وکٹوں کے ساتھ ایونٹ کے ٹاپ بالر قرار پائے۔
یاد رہے کہ دو ماہ تک جاری رہنے والے آئی پی ایل کے 15ویں ایڈیشن میں اس بار 10 ٹیمیں شریک تھیں جن کے درمیان مجموعی طور پر 74 میچز کھیلے گئے۔