رسائی کے لنکس

کولوراڈو کے شاپنگ مال میں کرسمس سے قبل فائرنگ کا واقعہ، ایک شخص ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی ریاست کولوراڈو کے ایک شاپنگ سینٹر میں کرسمس سے قبل ہفتے کی شب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہو گئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق کولوراڈو اسپرنگز نامی شہر کی پولیس نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سٹیڈال مال میں دو گروہوں میں تنازع کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی اس مقام پر پہنچنے کی کوشش کی جہاں واقعہ ہوا۔

پولیس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے جب کہ دو زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جنہیں گولیاں لگی تھیں۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ایک خاتون بھی معمولی زخمی ہوئی ہیں۔ ان کو بھی مقامی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

پولیس حکام نے علاقے کو کلیئر قرار دیا ہے جب کہ شاپنگ مال میں مزید کسی قسم کا کوئی خطرہ نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔ حکام جائزہ لے رہے ہیں کہ زیرِ حراست افراد میں سے کون کون اس تنازع میں ملوث تھا۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے شاپنگ مال کو کلیئر کر دیا تھا البتہ یہ بدستور بند ہے۔

حکام کے مطابق شاپنگ مال کو حفاظتی اقدام کے طور پر بند کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیوز بھی زیرِ گردش کر رہے ہیں جس میں کچھ افراد ایک دوسرے سے گھتم گھتا ہیں۔ اسی دوران فائرنگ شروع ہو جاتی ہے اور چند گولیاں چلنے کی آواز سنائی دیتی ہے جب کہ کرسمس سے قبل شاپنگ کے لیے آئے ہوئے افراد کے دوڑنے کی آوازیں آتی ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد اب بھی اس علاقے میں موجود ہے جب کہ اس واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

(اس خبر میں خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔)

XS
SM
MD
LG