رسائی کے لنکس

کیلی فورنیا میں فٹ بال میچ دیکھنے والوں پر فائرنگ، چار افراد ہلاک


امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فائرنگ ایک نامعلوم حملہ آور نے گھر کے عقبی حصے میں داخل ہو کر کی اور بعد ازاں فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

خبر رساں ادارے 'اے پی' کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی شام چھ بجے کے قریب پیش آیا جب کیلی فورنیا کے علاقے فریسنو میں واقع ایک گھر کے عقبی حصے میں کچھ افراد اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ہمراہ فٹ بال کا ایک میچ دیکھ رہے تھے۔

مقامی پولیس کے مطابق حملہ آور نے گھر کے عقبی حصے میں داخل ہو کر فائرنگ شروع کر دی جس کا نشانہ 10 افراد افراد بنے۔ بعد ازاں حملہ آور فرار ہو گئے جن کے بارے میں تاحال کوئی اطلاعات نہیں مل سکی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی یہ بھی واضح نہیں کہ حملہ کسی ایک شخص نے کیا یا ایک سے زائد افراد نے فائرنگ کی۔ البتہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ ایک شخص اسپتال میں دورانِ علاج چل بسا۔ بقیہ چھ زخمی ایک مقامی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

فریسنو کے ڈپٹی پولیس چیف مائیکل ریڈ کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے تمام افراد ایشائی تھے جن کی عمریں 25 سے 35 برس کے درمیان تھیں۔

ریڈ نے کہا کہ یہ ایک فیملی پارٹی تھی جس میں تقریباً 35 افراد موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ شکر ہے کہ فائرنگ سے کسی بچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں کیلی فورنیا میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ اتوار بھی فریسنو کے ہی علاقے میں فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہو گا کہ دونوں واقعات میں کوئی جوڑ ہے یا نہیں۔

کیلی فورنیا میں ہی گزشتہ جمعرات کو ایک اسکول کے 16 سالہ طالب علم نے فائرنگ کر کے اپنے دو ساتھی طالب علموں کو ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا تھا۔ جس کے بعد اس نے خود کو بھی گولی مار لی تھی۔

XS
SM
MD
LG