رسائی کے لنکس

’امریکہ انعامی رقم مجھے دے‘


پاکستان میں 40 سے زائد اسلامی تنظیموں، دائیں بازو کی جماعتوں اور شخصیات پر مشتمل ایک اتحاد نے حافظ محمد سعید کی گرفتاری میں مدد پر نقد رقم کے امریکی اعلان کی مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

دفاع پاکستان کونسل نامی اتحاد کے سربراہ مولانا سمیح الحق نے دیگر قائدین بشمول حافظ سعید کے ہمراہ راولپنڈی میں بدھ کو ایک ہنگامی نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی اقدام پر حکومت کی خاموشی کو ’’قابل مذمت‘‘ قرار دیا۔

جس ہوٹل میں یہ پریس کانفرنس منعقد کی گئی وہ پاکستانی فوج کے ہیڈکوارٹر کے بالمقابل واقع ہے۔

امیر جماعت الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی طرف سے حالیہ اعلان ’’انتہائی مضحکہ خیز‘‘ ہے۔

’’میرا دل چاہتا ہے کہ امریکیوں سے یہ کہہ دوں، اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے کہ تم کسی کو کیوں انعام دینا چاہتے ہو یہ انعام مجھے دے دو۔ میں تمہیں روزانہ بتا سکتا ہوں ہر وقت میں فون کے ذریعے رابطے میں ہوں۔ لاکھوں اور ہزاروں کے مجمع کو ہم روزانہ خطاب کرتے ہیں۔‘‘

مولانا سمیع الحق نے کونسل کے قائدین کے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیے کی تفصیلات صحافیوں کو پڑھ کر سنائیں۔

’’اگر امریکہ سمجھتا ہے کہ وہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کر کے دفاع پاکستان کونسل کو نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کے سلسلہ میں جاری جدوجہد سے روکنے میں کامیاب ہو جائے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔ دنیا کا کوئی قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ کوئی ملک کسی دوسرے ملک میں مداخلت کر کے قومی رہنماؤں کی گرفتاری کے سلسلے میں نقد رقم کے اعلانا ت کرتا پھرے۔‘‘

سمیح الحق نے کہا کہ کونسل طے شدہ شیڈول کے مطابق پشاور، کوئٹہ، مظفرا ٓباد اور دیگر شہروں میں اپنے جلسے منعقد کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے حافظ سعید کے خلاف فیصلہ بھارت کے دباؤ میں آکر کیا ہے۔

’’حکومت پاکستان کو چاہیئے کہ وہ کسی قسم کے بیرونی دباؤ کا شکار نہ ہو۔ صدر پاکستان (آصف علی زرداری) 8 اپریل کو دورہ بھارت احتجاجاً منسوخ کر دیں بصورت دیگر ان کے اس دورے کے خلاف بھی پر امن احتجاج کیا جائے گا۔‘‘

مولانا سمیح الحق نے کہا کہ ممبئی حملوں کے بعد بھارت کی جانب سے حافظ محمد سعید کے خلاف ہزاروں صفحات پر مشتمل مبینہ ثبوت پاکستان کے حوالے کیے گئے اور انہیں ممبئی حملوں میں ملوث کرنے کی پوری کوشش کی گئی۔

’’پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں نے تمام تر بھارتی الزامات مسترد کرتے ہوئے حافظ محمد سعید کو ہر قسم کے الزامات سے بری قرار دیا اور اپنے فیصلوں میں واضح طور پر لکھا کہ جماعت الدعوة کالعدم تنظیم نہیں ہے۔ حافظ محمد سعید اور ان کی جماعت کو پاکستان میں ہر قسم کی رفاہی، فلاحی اور تبلیغی سرگرمیوں کی مکمل آزادی حاصل ہے۔‘‘

XS
SM
MD
LG