رسائی کے لنکس

متوازن خوراک جلد کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتی ہے


متوازن خوراک جلد کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتی ہے
متوازن خوراک جلد کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتی ہے

گردو پیش کا ماحول ، آب وہوا اور عمر ہماری جلد پر اثر ڈالتی ہے۔ جلد خراب یا کمزور ہونے انسان کا ظاہری رنگ روپ ہی متاثر نہیں ہوتا بلکہ کئی بیماریوں کے حملے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ متوازن خوراک کے ذریعے ہم اپنی جلد کو صحت مند رکھ سکتے ہیں۔

ہم جو کچھ کھاتے ہیں ، چاہے وہ سبزیاں ہوں یا پھل، یاگوشت ، مچھلی اور اناج، اس کا اثر ہماری جلد پر بھی پڑتا ہے۔ پھلوں اور سبزیوں میں قدرتی طورپر ایسے کئی اجزا موجود ہوتے ہیں جو ہماری جلد کوجھریوں سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنی خوراک میں مچھلی ، سبزپتوں والی سبزیاں ، پھل اور زیتون کا تیل شامل کرنے سے دل کے امراض کا خطرہ کم ہوجاتاہے، اور موٹاپے پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔ لیکن متوازن خوراک کے فوائد صرف یہیں تک محدود نہیں ہیں بلکہ اٹلی میں ہونے والی ایک حالیہ تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ متوازن خورک جلد کے کینسر سے بچاؤ میں مدد دیتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک خاص مرکب اومیگا تھری انسانی جلد کے خلیوں کو شکست و ریخت سے محفوظ رکھتا ہے اور اسے کھردرا اور سخت ہونے سے بچاتا ہے۔ یہ مرکب مچھلی میں بڑی مقدار میں پاپا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سبز پتوں اور زیتون کے تیل میں سورج سے آنے والی مضر صحت الڑا وائلٹ ریز سے تحفظ فراہم کرنے والے اجزا موجود ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ہمیں فضامیں موجود آلودگی سے جلد کو پہنچنے والے نقصان سے بھی بچاتے ہیں۔

فلوریڈا کے ایک سائنسی تحقیقی مرکز کی ایک ماہر لزلی بورمن کا کہنا ہے کہ زیتون کے تیل اور ٹماٹروں میں موجود نامیاتی مرکبات اس کیمیائی عمل کو روکنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جو سورج کی تیز شعاعوں سے جلد کے اندر شروع ہوجاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا کہ جو افراد کسی وجہ سے گوشت استعمال نہیں کرتے، اور زیادہ تر سبزیوں اور پھلوں پر انحصار کرتے ہیں، نہ صرف یہ کہ ان کی جلد کے دوسروں کی نسبت بہتر ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں بلکہ عمر میں اضافے کے باوجود ان کی جلد نسبتاً زیادہ عرصے تک جھریوں سے محفوظ رہتی ہے۔

جلد کی صحت کے ایک ماہر فرانسسکو فوسکو کا کہنا ہے کہ اگر آپ اپنی جلد کو طویل عرصے تک صحت مند ، خوش نما اور جھریوں سے محفوظ رکھنے کے خواہش مند ہیں تو آپ اپنی خوراک میں سے میدے سے بنی ہوئی اشیاء ، اور سفید چینی کو نکال دیں۔ کیونکہ یہ چیزیں ہمارے اعضائے ریئسہ کے ساتھ ساتھ جلد کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔ وہ مشورہ دیتے ہیں کہ ان کی بجائے آپ اناج، مچھلی ، بغیر چکنائی کا گوشت ، سبزیاں اور پھل زیادہ مقدار میں استعمال کریں ۔

نیویارک میں قائم جلد کی دیکھ بھال سے متعلق ایک مرکز کی ایک معالج لیزا ایرین کہتی ہیں کہ زیادہ چکنائی اور چینی خون میں کولیسٹرول کی مقدار بڑھا دیتی ہے۔ کولیسٹرول کی زیادتی کئی مہلک امراض کی راہ ہموار کرتی ہے اور اس سے جلد کے خلیوں کی شکست و ریخت بھی بڑھ جاتی ہے جس کا نتیجہ جلد کےڈھیلے ہونے کی شکل میں نکلتا ہے۔

ڈاکٹر ایرین کہتی ہیں کہ اگر آپ اپنی جلد کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو ایک کام ضرور کرنا ہوگا اور وہ ہے اپنی خوراک میں چکنائی کی مقدار کم کرنا۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ہماری جلد کو کچھ چکنائی کی بھی ضرورت ہوتی ہے مگر ایک خاص قسم کی چکنائی کی ، جوعموماً زیتون کے تیل اور بادام اخروٹ وغیرہ میں پائی جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خوراک سے ہمیں وٹامنز ، معدنیات ، نمکیات اور پروٹینز کے ساتھ ساتھ حرارے بھی حاصل ہوتے ہیں جو روزمرہ کام کاج کے لیے توانائی فراہم کرتے ہیں۔ زیادہ تر حرارے چکنائی اور چینی سے ملتے ہیں۔ لیکن ڈاکٹر کیرل کرچر کا کہنا ہے کہ ہمیں اس طرح کی خوراک استعمال کرنی چاہیے جس میں صرف 20 فی صد حرارے چکنائی اور چینی سے اور باقی پھلوں ، سبزیوں اور اناج سے حاصل ہوں۔

XS
SM
MD
LG