یوسف جمیل
نئی دِلی کے زیرِ انتظام کشمیر کے دارالحکومت سرینگر سے 56 کلو میٹر دور پیر پنجال سِلسلہِ کوہ میں واقع گلمرگ کا صحت افزا مقام بھاری برف باری کے بعد ہزاروں مقامی اور غیر مقامی سیلانیوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے-
سطح سمندرسے 2650 میٹر یا 8694 فٹ کی بلندی پر واقع گلمرگ کو سی این این نے حال ہی میں 'بھارت میں سرمائی کھیلوں کا مرکزی مقام' اور ایشیا ء کی ساتویں بہترین اسکی منزل قرار دیا ہے۔
گزشتہ دنوں گلمرگ میں سال کی سب سے ذیادہ برفباری ہوئی۔
محکمہ سیاحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پیالی کی شکل سے متشابہہ وادئ گلمرگ میں اس وقت تقریبا" پانچ فُٹ برف جمع ہے جبکہ قریبی افروٹ پہاڑی اور اس سے منسلک دیگر چھوٹی پہاڑیوں پردس سے بارہ فٹ تک برفباری ہوئی ہے جس سے علاقے میں موجود اِسکی بازوں اور دوسری سرما ئی کھیلوں میں دلچسپی رکھنے والوں اور عام سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
ماہرینِ موسمیات نے کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں 22 اور 26 جنوری کے درمیان پھرسے درمیانی تا بھاری برفباری ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
سیکرٹری سیاحت فاروق احمد شاہ کے مطا بق گلمرگ میں عنقریب سرمائی میلہ منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے 'سنو کارنی وال' کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے افسروں تمام انتظامات مکمل کرنے کے لئے کہا۔
شاہ نے محکمہ سیاحت کے افسروں سے کہا ہے کہ وہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں سرمائی سیاحت کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گلمرگ میں سرمائی میلے کے دوران کئی کھیل اور تمدنی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔
مقامی ٹورسٹ ٹریڈرس کا کہنا ہے کہ بھاری برفباری اور مجوزہ سرمائی میلہ سےسیاحت کو فروغ ملے گا -