بھارت کے شمال مشرق میں پیر کو علی الصبح ایک مندر میں بھگدڑ مچنے سے کم ازکم دس افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق جھاڑکھنڈ میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مندر کا دروازہ کھلتے ہی ہزاروں لوگوں نے اس جانب دوڑ لگا دی۔
بتایا جاتا ہے کہ اس مندر میں ہندو عقیدت مند ریاست بہار کے سلطان گنج علاقے سے دریائے گنگا سے پانی لے کر کئی سو میل کا فاصلہ پیدل چل کر یہاں پانی چڑھانے آتے ہیں۔
چند دن پہلے بھی یہاں بھگدڑ مچنے سے کم ازکم 12 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
بھارت میں مذہبی تہواروں میں بھگدڑ کے واقعات کوئی غیر معمولی بات نہیں جہاں ہزاروں افراد میں اکثر بدانتظامی یا کسی طرح کی افواہ کے باعث بھگدڑ مچ جاتی ہے۔
گزشتہ ماہ جنوبی ریاست آندھراپردیش میں ایک مذہبی تہوار کے دوران ہزاروں افراد موجود تھے یہ گوداوری دریا میں اشنان "غسل" کے لیے ہونے والی دھکم پیل کے دوران بھگدڑ مچ گئی۔ اس میں کم ازکم 27 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
گزشتہ سال اکتوبر میں ریاست بہار میں ایسے ہی ایک تہوار کے موقع پر پیش آنے والے واقعے میں 32 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔