پاکستان میں ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کرنے والے سپر اسٹار ہمایوں سعید اب آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم 'نیٹ فلکس' پر بھی ڈیبیو کو تیار ہیں۔
ہمایوں سعید نیٹ فلکس اوریجنل سیریز 'دی کراؤن' میں ادکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ وہ اس سیریز کے پانچویں سیزن میں ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کریں گے۔
امریکی شوبز میگزین 'ورائٹی' کے مطابق ہمایوں سعید پہلے پاکستانی اداکار ہیں جو نیٹ فلکس کی سیریز میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ یہ سیریز برطانوی شاہی خاندان کے گرد گھومنے والے واقعات پر مبنی ہے۔
ہمایوں سعید پاکستان میں ٹی وی اور فلمز دونوں میں کامیاب اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی سنیما کو 'جوانی پھر نہیں آنی'، 'پنجاب نہیں جاؤں گی'، 'جوانی پھر نہیں آنی ٹو' جیسی کامیاب فلمیں دی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ چھوٹی اسکرین پر بھی 'میرے پاس تم ہو' جیسے سپر ہٹ ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔
نیٹ فلکس کی سیریز میں پاکستانی سپراسٹار کو کاسٹ کرنے کی خبر سامنے آتے ہی ان کا نام ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا اور ان کے ساتھی اداکاروں اور مداحوں نے ٹوئٹس بھی کیے۔
اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ "بالآخر یہ بات سامنے آ گئی، مجھے ہمایوں سعید پر فخر ہے اور میں بے حد پُر جوش ہوں۔"
میزبان انوشے اشرف نے بھی ٹوئٹ کیا کہ وہ اس سیریز کے لیے بے حد پُر جوش ہیں۔ ان کے بقول ہمایوں سعید انتہائی عاجز شخصیت کے مالک ہیں۔
اداکار واسع چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہمایوں سعید نیٹ فلکس کی اوریجنل سیریز میں کاسٹ ہونے والے پہلے پاکستانی اداکار ہیں۔
نیٹ فلکس کی سیریز 'دی کراؤن' کے سیزن 5 میں شہزادی ڈیانا کا کردار آسٹریلوی اداکار الزیبتھ ڈپیکی نبھائیں گی جب کہ دودی الفائد کا کردار مصری اداکار خالد عبداللہ نبھائیں گے۔
امریکی شوبز میگزین 'ورائٹی' کے مطابق 2004 میں ڈاکٹر حسنات نے میٹروپولیٹن پولیس کو ایک بیان دیا تھا جو سال 2008 میں شہزادی ڈیانا کی موت کی تحقیقات کے لیے جمع کرایا گیا تھا۔
اس بیان میں ڈاکٹر حسنات کا کہنا تھا کہ ان کے 1995 سے 1997 کے درمیان لیڈی ڈیانا سے قریبی تعلقات تھے۔ اور یہ تعلقات اس وقت ختم ہو گئے تھے جب ڈیانا کی دودی الفائد سے ملاقات ہوئی تھی۔
شہزادی لیڈی ڈیانا سن 1997 میں دودی الفائد کے ساتھ ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔
پاکستان سے جمع کرائے گئے بیان میں ڈاکٹر حسنات نے کہا تھا کہ وہ شہزادی ڈیانا کے ساتھ زندگی گزارنے پر غور کر رہے تھے لیکن اس وقت کے اخبارات شہزادی کے ہر قدم پر نظر رکھتے تھے، جس کی وجہ سے انہیں ایسا لگ رہا تھا کہ ان کے ساتھ شادی ناممکن ہو گی۔
ان کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ انہیں صرف ایک ہی حل نظر آ رہا تھا کہ وہ پاکستان جائیں اور اس معاملے پر ڈیانا، جمائمہ گولڈ اسمتھ سے بات چیت کریں، جو اُس وقت پاکستانی کرکٹر عمران خان سے شادی کرنے کے بعد لندن سے پاکستان منتقل ہو گئی تھیں۔