رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش اور میانمار طاقت ور سائیکلون کا خطرہ، لاکھوں افراد کے اںخلا کےانتظامات


سائیکلون کی سیٹلائٹ سے حاصل کی جانے والی تصویر۔ 12 مئی 2023
سائیکلون کی سیٹلائٹ سے حاصل کی جانے والی تصویر۔ 12 مئی 2023

خلیج بنگال میں ایک طاقت ور سائیکلون کے ابھرنے کے بعد بنگلہ دیش اور میانمار کے حکام نے جمعہ کو لوگوں کو ساحلی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ محفوظ مقامات پر جانے کے لیے تیار رہیں۔

بھارت کے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ موچا نامی سمندری طوفان 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا، جب کہ بنگلہ دیش کے کاکسس بازار اور میانمار کے کیوکپیو کے علاقوں کے درمیان ہواؤں کی رفتار 175 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔

ڈیلٹائی خطے کے ملک بنگلہ دیش کی آبادی 16 کروڑ سے زیادہ ہے اور اسے سیلابوں اور طوفانوں جیسی قدرتی آفات کے اکثر سامنا رہتا ہے۔

بنگلہ دیش کے ایک ایڈمنسٹیٹر محمد شاہین عمران نے بتایا ہے کہ تقریباً پانچ لاکھ افراد کے انخلا کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں اور ان کے لیے 575 پناہ گاہیں تیار کر لی گئیں ہیں۔ انخلا کا عمل ہفتے کے روز سے شروع ہو سکتا ہے۔

ایک غیر سرکاری امدادی گروپ ’بین الاقوامی ریسکیو کمیٹی‘ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سائیکلون سے کاکسس بازار کے کیمپوں میں رہنے والے روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے خطرہ بڑھ گیا ہے ۔یاد رہے کہ میانمار میں فوج کی پکڑدھکڑ سے بھاگ کر لاکھوں روہنگیا بنگلہ دیش میں پناہ لے چکے ہیں۔

کمیٹی نے کہا کہ وہ طوفان کے خطرے کے پیش نظر خواتین، لڑکیوں ، بزرگوں اور معذور افراد جیسے کمزور گروپوں کے لیے موبائل میڈیکل ٹیمیں تعینات کر رہی ہے۔

بھارت کے محکمہ موسمیات کے ایک سینئر سائنس دان راجندر کمار نے بتایا ہے کہ یہ شمالی بحرہ ہند سے اٹھنے والا اس سال کا پہلا طوفان ہے، جس کی شدت اور قوت نمایاں طور پر زیادہ ہے اور اس سے ممکنہ طور پر بنگلہ دیش اور میانمار کے لاکھوں ماہی گیر اور ساحلی علاقوں کے قریب رہنے والے افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔

مئی 2008 میں نرگس نامی سائیکلوں نے میانمار کے ساحلی علاقوں میں تباہی مچا دی تھی جس کی زد میں آ کر ایک لاکھ 38 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ املاک کو غیر معمولی نقصان پہنچا تھا۔

میانمار کے سرکاری اخبار گلوبل نیو لائٹ نے اطلاع دی ہے کہ مختلف علاقوں میں ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی مشقیں کی جا رہی ہیں۔ اخبار کے مطابق ریاست رخائن کے مغربی ساحلی علاقوں سے ہزاروں لوگوں کو نکالا جا رہا ہے جہاں سمندری طوفان کے ٹکرانے کا خدشہ ہے۔

بنگلہ دیشی حکام کے مطابق طوفان موچا اتوار کو بنگلہ دیش کے چٹوگرام، کاکسس بازار، نواکھلی اور بھولا سمیت ساحلی اضلاع سے ٹکرائے گااور ان علاقوں میں انخلا اور امدادی سرگرمیوں کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

بھارت کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سمندر گرم ہے اور ہوائیں ساز گار ہیں جس کی وجہ سے سائیکلون زیادہ عرصے تک اپنی قوت اور شدت برقرار رکھ سکتا ہے۔

سائیکلون کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ تباہ کن قدرتی آفات میں ہوتا ہے اور ان سے جنوبی ایشیا کے گنجان آباد ساحلی علاقوں کو عمومی طور پر زیادہ نقصان پہنچتا ہے۔

(اس رپورٹ کے لیے تفصٰیلات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئیں ہیں)

XS
SM
MD
LG