انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف کرکٹ سیریز نہ کھیلنے پر ہرجانے کی ادائیگی کے لیے دائر درخواست مسترد کردی ہے۔
پاکستان نے یہ درخواست بھارت کی جانب سے پاکستان کی میزبانی میں کرکٹ کھیلنے سے انکار پر ہونے والے مبینہ مالی نقصان کے ازالے کے لیے دائر کی تھی۔
دونوں ممالک میں سن 2015 سے 2023 تک کے درمیان چھ کرکٹ سیریز کھیلنے کا معاہدہ باقاعدہ تحریری شکل میں طے پایا تھا اور دونوں جانب سے اس پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔
چھ میں سے چار سیریز کی میزبانی پاکستان نے کرنا تھی لیکن آخری وقت پر بھارت نے دونوں ممالک کے درمیان مبینہ سیاسی کشیدگی کو بنیاد بناکر پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے بقول بھارت کے نہ آنے کے سبب اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
اس نقصان کے ازالے کے لیے پاکستان نے آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی کے روبرو درخواست دائر کی تھی کہ بھارت اسے 70 ملین ڈالر کا معاوضہ ادا کرے۔ لیکن منگل کو آئی سی سی نے اس درخواست کو مسترد کردیا۔
آئی سی سی نے اپنے فیصلے میں اس معاملے کو ’ناقابلِ اپیل‘ قرار دیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی نے تین روز تک دونوں فریقین کے تحریری و زبانی دلائل سنے اور اس کے بعد فیصلہ دیا۔