رسائی کے لنکس

بل کی عدم ادائیگی پر عمران خان کے گھر کی بجلی کٹ گئی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عمران خان نے ’سول نافرمانی‘ کی تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ لوگ اپنے بجلی اور گیس کے بل جمع نا کروائیں اور نا ہی سیلز ٹیکس ادا کریں۔

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت میں بجلی کی ترسیل کی کمپنی ’اسلام آباد الیکٹرک سپلائی‘ یعنی ’آئسیکو‘ نے ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران کے گھر کی بجلی کا کنکشن کاٹ دیا ہے۔

یہ اقدام تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے بجلی کے بل ادا نا کرنے پر کیا گیا۔

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق اسلام آباد میں بنی گالہ کے علاقے میں عمران خان کی رہائش گاہ پر بجلی کے تین میٹر لگے ہوئے تھے اور گزشتہ دو ماہ سے واجب الادا ایک لاکھ تیس ہزار روپے کے بل ادا نہیں کیے گئے تھے۔

آئیسکو کے مطابق عمران خان کو قانون کے مطابق نوٹس بھی بجھوایا گیا لیکن اُنھوں نے واجب الادا رقم جمع نہیں کروائی جس کے بعد قانون کے مطابق اُن کے بجلی کے کنکشن منقطع کر دیے گئے۔

حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے گزشتہ ماہ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بجلی کا اپنا بل جلا دیا تھا۔

عمران خان نے ’سول نافرمانی‘ کی تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ لوگ اپنے بجلی اور گیس کے بل جمع نا کروائیں اور نا ہی سیلز ٹیکس ادا کریں۔

واضح رہے کہ لاہور میں عمران خان کے زمان پارک کے علاقے میں واقع گھر کا بل ادا کر دیا تھا تاہم تحریک انصاف کے مطابق وہاں عمران خان کے بہنوئی اور بہن مقیم ہیں اور اُنھوں ہی نے یہ بل ادا کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG