رسائی کے لنکس

'سر تھوڑا اسلامک ٹچ بھی دیں' قاسم سوری کی عمران خان کو تجویز موضوعِ بحث


Imran khan qasim suri
Imran khan qasim suri

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے اپنا 'حقیقی آزادی مارچ' کو تو ڈی چوک پہنچنے سے پہلے ہی ختم کردیا مگر اس مارچ کے دوران کیے گئے ان کے خطاب کے دوران سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی تجویز موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔

عمران خان نے جمرات کی صبح اسلام آباد کے جناح ایونیو پر کارکنان سے خطاب کیا اور حکومت کو نئے انتخابات کے اعلان کے لیے چھ روز کا الٹی میٹم دینے کے بعد مارچ ختم کر دیا۔

البتہ اس خطاب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور اس پر لوگ بحث بھی کر رہے ہیں۔

معاملہ کچھ یوں کہ جب عمران خان کنٹینر پر موجود تھے اور کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے تو سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما قاسم سوری نے عمران خان سے سرگوشی کرتے ہوئے کہا کہ''سر تھوڑا اسلامک ٹچ بھی دے دیں۔ پیغمبر اسلام کی مثال بھی دے دیں۔"

جس کے فوری بعد عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ''میں وہ ہوں جو اپنے آپ کو عاشقِ رسول کہتا ہوں، میں اپنے نبی کا ماننے والا ہوں۔''

عمران خان کی اس ویڈیو پر صارفین مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر صارف اور کالم نگار علی معین نوازش نے عمران خان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سیاست کے لیے مذہب کا شرمناک استحصال!

انہیں کے ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف صائمہ صدیقی نے لکھا کہ ''اس میں کیا غلط ہے، ہر چیز اسلام سے جڑی ہوئی ہے۔'' ان کے بقول '' اسلام میں احتجاج جائز ہے۔''

ٹوئٹر پر طٰہ نامی صارف نے لکھا کہ ''کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے، مائیک تو بند کرلیا کرو عقل کے دشمنوں۔''

بابر انصاری نامی ایک صارف نے اس ویڈیو پر ٹوئٹ کیا کہ وہ حکومت سے درخواست کریں گے کہ قاسم خان سوری کو تھوڑا 'آرٹیکل چھ' کا آئینی ٹچ دیں۔

ٹوئٹر پر سید زین رضا نے عمران خان کی ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان کی سیاست کی اس سے بہتر کوئی تعریف نہیں کرسکتا۔

شاہ میر بلوچ نامی صارف نے لکھا کہ سابق ڈپٹی اسپیکر نے عمران خان کو اسلامک ٹچ دینے کا کہا اور عمران خان نے مذہب کارڈ استعمال کیا۔

صحافی ندیم ملک نے بھی عمران خان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ''خان صاحب تھوڑا اسلامک ٹچ تو دیں۔''

ان کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے ساجد منور سولنگی نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ اسلامک ٹچ میں آپ کو کیا مسئلہ ہے بھائی؟ کون سے مذہب کا ٹچ دیتا پھر؟

ہیومنٹی نام سے ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اس کلپ پر ٹوئٹ کیا گیا اور عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ "میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ یہ شخص موقع پرست اور اکسانے ولا ہے۔ یہ جذباتی بے وقوفوں کی کمزوری سے کھیل رہا ہے۔ اسلامک ٹچ، اینٹی امریکن ٹچ۔ یہ اپنی انا کی تسکین کے لیے پاکستان کو زیادہ نقصان پہنچائے گا۔"

XS
SM
MD
LG