رسائی کے لنکس

اقتدار سے نکلا تو اپوزیشن جماعتوں کے لیے زیادہ خطرناک ہو جاؤں گا: عمران خان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر وہ اقتدار سے الگ ہوئے تو زیادہ خطرناک ہو جائیں گے اور سڑکوں پر آکر اپوزیشن جماعتوں کے لیے زیادہ خطرے کا باعث بنیں گے۔

اتوار کو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے سوال و جواب کے سیشن 'آپ کا وزیرِ اعظم آپ کے ساتھ ' میں شہریوں کی ٹیلی فون کالز کا جواب دیتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی ایک واحد مسئلہ ہے جس کی وجہ سے وہ رات کو سو نہیں سکتے۔

عمران خان نے سیشن کے دوران اپوزیشن جماعتوں کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ اب تک اپنے دفتر میں خاموشی سے بیٹھ کر تماشہ دیکھتے رہتے ہیں، اگر میں سڑکوں پر نکل آیا تو آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جب وہ اقتدار میں آئے تو ملک کو مختلف چیلنجز کا سامنا تھا جن میں تجارتی خسارہ بھی شامل تھا بعد میں کرونا وائرس نے معیشت کو متاثر کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور ملک کو درپیش مسائل سے متعلق بات وہ پارلیمنٹ میں کرنا چاہتے تھے، لیکن وہاں اُنہیں اپوزیشن بولنے نہیں دیتی۔ لہذٰا وہ اپنی بات عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو یہ شکوہ رہتا ہے کہ قومی اسمبلی کے ایوان میں اپوزیشن اراکین شور شرابہ کرتے ہیں اور اُنہیں بات نہیں کرنے دی جاتی۔

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ شہبا زشریف ایک قومی مجرم ہیں وہ اپنے خلاف کرپشن کیسز میں کسی سوال کا جواب نہیں دے سکے۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے 23 مارچ کو لانگ مارچ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ یہ تین سال سے سن رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام اب باشعور ہیں وہ ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔

اپوزیشن سے مذاکرات کے سوال پر وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنما مجھ سے این آر او مانگ رہے ہیں، تاہم وہ کبھی بھی کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔

سابق فوجی ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پرویز مشرف نے این آر او دے کر مارشل لگانے سے بڑا جرم کیا۔

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کبھی وطن واپس نہیں آئیں گے کیوں کہ اُن کے سارے خاندان کا کاروبار باہر ہے۔

اوزیرِ اعظم عمران خان کے اس لائیو سیشن پر ردِعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آج کی تقریر کا ایک ایک لفظ اُن کی ناکامی کا اعتراف تھا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جن مافیاز کے خلاف شکایات عمران خان کرتے ہیں وہی اُن کے دائیں بائیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG