رسائی کے لنکس

عمران خان کا آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، پرتشدد واقعات میں تین افراد ہلاک


احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ ریمانڈ کی منظوری کے بعد عمران خان اب اس کیس میں مزید تفتیش کے لیے آٹھ روز تک نیب راولپنڈی کی تحویل میں رہیں گے۔

بدھ کی شام نیب عدالت کے جج محمد بشیر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کا آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔

افٖغانستان کے لیے امریکہ کے سابق خصوصی سفارت کار زلمے خلیل زاد نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ عمران خان کو حراست کے دوران ہلاک کیا جا سکتا ہے۔جس کا اظہار انہوں نے عدالت میں اپنی سماعت کے موقع پر جج کے سامنے کیا۔

عمران خان کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ القادر ٹرسٹ کے تحت وہاں یونیورسٹی بنائی گئی جہاں طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، لہذٰا عمران خان کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس نہیں بنتا۔

گرفتاری کے بعد سابق وزیرِ اعظم کو پولیس لائنز اسلام آباد ریسٹ ہاؤس منتقل کیا گیا تھا۔ بدھ کو اُن کے خلاف مقدمات کی سماعت بھی وہیں ہوئی۔

القادر ٹرسٹ کیس میں نیب کی جانب سے عمران خان کو نیب عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب عدالت کے جج محمد بشیر نے پولیس لائنز ریسٹ ہاؤس میں ہی سماعت کی۔

'مجھے 24 گھنٹے سے واش روم نہیں جانے دیا گیا'

عمران خان کے وکلا کے مطابق سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے احتساب عدالت کے جج کے سامنے بتایا کہ اُنہیں 24 گھنٹے سے واش روم نہیں جانے دیا گیا۔

وکلا کے بقول عمران خان نے کہا کہ اُنہیں شک ہے کہ اُن کے ساتھ بھی مقصود چپڑاسی والا سلوک کیا جا سکتا ہے۔ یہ ایسا انجکشن لگاتے ہیں کہ بندہ آہستہ آہستہ موت کے منہ میں چلا جاتا ہے۔

وکلا کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے عدالت سے استدعا کی کہ اُن کے معالج ڈاکٹر فیصل کو بلوایا جائے۔

خیال رہے کہ مقصود احمد عرف مقصود چپڑاسی پر سابق وزیرِ اعظم عمران خان یہ الزام لگاتے رہے ہیں کہ وہ وزیرِ اعظم شریف اور اُن کے خاندان کے لیے منی لانڈرنگ میں ملوث رہے ہیں۔

مقصود احمد گزشتہ برس دبئی میں انتقال کر گئے تھے۔ عمران خان نے الزام لگایا تھا کہ مقصود چپڑاسی کو شواہد مٹانے کے لیے راستے سے ہٹایا گیا۔

ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے جاری

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری پر دوسرے روز بھی ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور، پشاور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں مشتعل مظاہرین نے سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے تصدیق کی ہے کہ اب تک اسپتال میں تین لاشیں لائی جا چکی ہیں۔ اُن کے بقول 27 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی ہے۔

عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری قانونی قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔

پنجاب میں 900 سے زائد افراد گرفتار

پنجاب پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں صوبے بھر سے 900 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق پنجاب پولیس نے بتایا ہے کہ مشتعل ہجوم نے پولیس کی 25 گاڑیوں اور 14 سرکاری عمارتوں کو نذر آتش کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور ہنگامہ آرائی کرنے والے 945 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

توشہ خانہ کیس میں بھی عمران خان پر فردِ جرم عائد

القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں بھی فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے فردِ جرم عائد کی۔ عمران خان نے صحتِ جرم سے انکار کیا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان پر الزام ہے کہ اُنہوں نے بطور وزیرِ اعظم توشہ خانہ سے حاصل کیے گئے تحائف کو اپنے ٹیکس گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں فوج طلب

پنجاب حکومت نے صوبے میں امن و امان کی خراب صورتِ حال کے پیشِ نظر فوج کو طلب کر لیا ہے۔

پنجاب کی نگراں حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت صوبے میں فوج کو تعینات کرنے کے لیے ریکوزیشن وفاقی حکومت کو بھجوا دی ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں عمران خان کی گرفتاری کے بعدمشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی تھی جب کہ کور کمانڈر ہاؤس سمیت دیگر فوجی تنصیبات میں بھی توڑ پھوڑ اور آگ لگائی تھی۔

خیبر پختونخوا حکومت نے بھی صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے وفاق سے فوج تعینات کرنے کی درخواست کی ہے۔

عمران خان کے خلاف کیسز کی دو عدالتیں پولیس لائنز منتقلی کا نوٹی فکیشن چیلنج

پاکستان تحریکِ انصاف نے عمران خان کے کیسز کی سماعت کرنے والی دو عدالتیں پولیس لائنز منتقل کرنے کا نوٹی فکیشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پولیس لائنز کو عدالت بنانے کا نوٹی فکیشن غیر قانونی قرار دیا جائے۔

درخواست میں عمران خان سے قانونی ٹیم کو ملنے کی اجازت دینے سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں اور وکلاء کو بھی ملنے کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

فوجی تنصیبات پر حملے منظم منصوبہ بندی کے تحت نہیں ہوئے: ڈاکٹر شیریں مزاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر نائب صدر ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملے اور توڑ پھوڑ پیشگی حکمت عملی کے تحت نہیں بلکہ غیر ارادی انفرادی اقدام ہیں۔

اسلام آباد میں وائس آف امریکہ کے علی فرقان کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ جب ریاست کی جانب سے نامناسب اقدامات لیے جائیں گے تو اس قسم کے عوامی ردعمل کو کوئی نہیں روک سکتا ہے۔

پی ٹی آئی کی حکمتِ عملی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج کی پالیسی طے تھی اور آنے والے دنوں میں یہ احتجاج مزید بڑھتا جائے گا۔

شیریں مزاری کہتی ہیں کہ عمران خان کی گرفتاری پر پر امن احتجاج چاہتے تھے لیکن جب حکومت تشدد کا راستہ اپنائے گی تو عوام اس پر ردِعمل دیں گے۔

حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان ان کی ریڈ لائن ہیں اور ان کی رہائی کے بغیر حکومت کے ساتھ کوئی درمیانی راستہ نہیں نکل سکتا ہے۔

عمران خان کی گرفتاری پر پشاور میں احتجاج

عمران خان کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے: احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں بلکہ یہ بدعنوانی اور احتیارات کے غلط استعمال پر قومی احتساب بیورو کی جانب سے عمل میں لائی گئی ہے۔

اسلام آباد میں غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ قانون کا سامنا کریں اور عدالتوں میں اپنا دفاع پیش کریں نہ کہ ملک میں انارکی پیدا کی جائے۔

وہ کہتے ہیں کہ حکومت ریاست کی رٹ کو برقرار رکھے گی اور ریاستی اداروں پر حملوں اور فوجی عمارتوں کی توڑ پھوڑ پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ منگل کی رات عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی نے بہت سی ریڈ لائنز کو عبور کیا ہے اور ریاستی اداروں اور فوجی عمارات پر حملے عمران خان کی حکمتِ عملی کے تحت کیے گئے ہیں۔

تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر گرفتار

تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تحریکِ انصاف کے رہنما کو انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ نے حراست میں لیا۔

پولیس کے مطابق اسد عمر کو نقص امن کی دفعہ تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ان کے مزید کارکنان اور رہنماؤں کی گرفتار ہو سکتی ہے۔

پولیس لائنز اسلام آباد کو عدالت میں تبدیل کر دیا گیا

سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف مقدمات کی سماعت کے لیے پولیس لائنز اسلام آباد کو عدالت میں تبدیل کر دیا گیا۔

عمران خان کے خلاف القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کیس اور توشہ خانہ کیس کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس یا ایف ایٹ کچہری کے بجائے پولیس لائنز ایچ الیون میں ہو ئی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں احتساب کے قومی ادارے (نیب) نے عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں مبینہ کرپشن کے الزام میں گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا۔

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف تحریک انصاف کےاحتجاج میں ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد مظاہرے اور جلاؤ گھیراؤ کیا گیاتھا۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث خیبر پختونخوا میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند ہیں جب کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں آج ہونے والے پرچے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

سندھ میں تعلیمی ادارے کھلے ہیں اور نویں و دسویں جماعت کے امتحانات معمول کے مطابق ہو رہے ہیں۔

کراچی میں منگل کو ہنگاموں کے بعد بند کی جانے والی پیپلز بس سروس فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم الیکٹرک بس سروس کو تاحال معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالات کو دیکھتے ہوئے الیکٹرک بس سروس چلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ منگل کو ہنگامی آرائی کے دوران ایک بس کو نذر آتش کر دیا گیا تھا جب کہ ایک بس میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔

پاکستان میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 290 روپے پر پہنچ گیا

پاکستان میں سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہو اہے۔ بدھ کو انٹر بینک میں ڈالر 290 روپے تک پہنچ گیا۔ ایک روز میں ڈالر کی قیمت میں پانچ روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس سے قبل 11 اپریل کو ڈالر 288 روپے تک پہنچ گیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ گرفتار

پنجاب کے سابق گورنر اور پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

لاہور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیاء الرحمٰن کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل وقاص حسن کی سربراہی میں ایک ٹیم نے بدھ کی صبح عمر سرفراز چیمہ کو حراست میں لیا۔

سابق گورنر کے سیکریٹری کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ کی ٹیم نے عمر سرفراز چیمہ کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں اپنے ہمراہ لے گئی۔

سوات سے پی ٹی آئی کےمتعدد رہنما گرفتار

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف سوات میں احتجاج کیا جا رہا ہے جب کہ اس دوران پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی گرفتاری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے پرنسل سیکریٹری خورشید دادا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سوات کے کئی دیگر علاقوں سے بھی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

پولیس ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گرفتار رہنماؤں کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

’عمران خان کو بدعنوانی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا‘ : مریم اورنگزیب

پاکستان کی وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کو بدعنوانی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

نجی نشریاتی ادارے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس ٹرسٹ کے قیام کے بعد پیسے لیے تھے اب وہ پیسے کہاں ہیں۔

ملک بھر میں ہونے والے احتجاج میں توڑ پھوڑ پر ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما اب کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد جو کچھ ہوا وہ اس کے ذمہ دار نہیں ہیں اور نہ ہی انہوں نے یہ سب کچھ کیا ہے۔

ان کے مطابق جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف حکومت کارروائی کرے گی۔

پرویز الہیٰ کی پولیس ایکشن کی مذمت

تحریک انصاف کے صدر اور پنجاب کے سابق وزیرِ اعلیٰ پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا اس لیے یہ ان کا حق ہے کہ وہ جس کو ایف آئی آر میں نامزد کرنا چاہیں اس کا نام مقدمے میں شامل کیا جائے۔

ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جس طرح پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کیا اور ان پر لاٹھی چارج کیا گیا وہ قابل مذمت ہے۔

اسٹاک مارکیٹ میں مندی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج بدھ کو کاروبار کے آغاز ہی سے مندی کا شکار ہے۔ ایک موقع پر اسٹاک مارکیٹ میں276 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔ تاہم ایک گھنٹے کی ٹریڈنگ میں کسی حد تک مارکیٹ میں ریکوری نظر آئی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک کے سیاسی حالات کے پیش نظر سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط سرمایہ کاری کی توقع ہے۔

لنڈی کوتل: پاکستان افغانستان شاہراہ بند

پاکستان افغانستان شاہراہ کو لنڈی کوتل میں چروازئے کے مقام پر تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے گرفتاری کے خلاف احتجاج میں بند کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے قائدین اور کارکنان نے شاہراہ کے درمیان ٹینٹ لگا کر احتجاج شروع کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق شاہراہ پر ہر قسم کی ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہو چکی ہے۔

بلوچستان میں حالات پُر امن ہونے کا دعویٰ

بلوچستان کی حکومت کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد صورتِ حال پر امن ہے۔

وزیر داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ حالات پر امن ہیں۔ صوبے میں آمد و رفت کے لیے تمام شاہراہیں کھلی ہوئی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے مستعد ہیں۔

گلگت بلتستان میں دوسرے روز بھی احتجاج

گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی پی ٹی آئی کے کارکنان کا احتجاج جاری ہے جب کہ رابطہ سڑکیں بند ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسکردو شہر میں آج بھی بڑا احتجاج مظاہرہ کیا جائے گا جس میں اتحادی حکومت میں شامل جماعتیوں وحدت المسلمین اور اسلامی تحریک کے رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG