بھارت نے کہاہے کہ وہ افغان فوج کی تعمیر میں مدد دینے کے اپنے وعدے پر قائم ہے جو اس سال ملک سے بین الاقوامی فورسز کی واپسی شروع ہونےپر سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی تیاری کررہی ہے۔
بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی کا یہ بھی کہناتھا کہ ان کا ملک افغانستان کی تعمیر نو اور ترقیاتی کاموں میں اپنی مدد جاری رکھے گا۔ وزیر دفاع نے یہ اعلان بدھ کے روز اپنے افغان ہم منصب عبدالوردک کے ساتھ نئی دہلی میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔
بھارتی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ افغان وزیر دفاع نے افغان عوام کے لیے بھارتی دوستی اور مدد کو سراہاہے۔
افغان وزیر دفاع بھارت کے تین روزہ دورے پر ہیں۔
بھارت اس سے قبل جنگ سے متاثرہ افغانستان میں ، پارلیمنٹ کی عمارت ، شاہراہوں ، اسپتالوں اور ہنگامی مراکز کی تعمیر کے لیے تقریباً دو ارب ڈالر کی امداد کا وعدہ کرچکا ہے۔
گذشتہ ماہ اپنے افغانستان کے دورے میں بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کہا تھا کہ وہ طالبان کے ساتھ افغان حکومت کی مفاہمتی کوششوں کے حامی ہیں۔