بھارت اور دس ممالک پر مشتمل آسیان تنظیم معیشتوں کو قریب لانے کے لیے منصوبہ بندی کررہے ہیں جس کا مقصد2012ء تک باہمی تجارت میں 40 فی صد اضافہ کرنا ہے۔
بھارت کے وزیر تجارت انند شرما نے بدھ کے روز کہا ان کوششوں کا مقصد ایشیائی ممالک کو عالمی معیشت میں زیادہ اہم کردار دلانا ہے۔
شرما نے نامہ نگاروں سے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ آئندہ چند عشروں میں دنیا کی پانچ بڑی معیشتوں میں سے تین کاتعلق ایشیا سے ہوگا۔
بھارت اور جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں کی تنظیم کے درمیان 2010ء میں تجارت کا حجم 50 ارب ڈالر تھا۔ جب کہ انہوں نے اگلے سال کے لیے اس کا ہدف 70 ارب ڈالر مقرر کیا ہے۔
بھارت اور آسیان کے عہدے دار نئی دہلی میں پانچ روزہ بھارت آسیان بزنس فیئر کے موقع پر ملاقاتیں کررہے ہیں۔
آسیان کے رکن ممالک میں برونائی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤس، ملائیشیا، برما ، فلپائن ، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویت نام شامل ہیں۔