رسائی کے لنکس

بھارت اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ ملتوی


فل ہیوز جمعرات کو انتقال کر گئے تھے۔
فل ہیوز جمعرات کو انتقال کر گئے تھے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق فلپ ہیوز کی آخری رسومات آئندہ بدھ کو ان کے آبائی علاقے میکس ویل میں ادا کی جائیں گی۔

آسٹریلوی کرکٹر فلپ ہیوز کی وفات کے باعث بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چار دسمبر کو شروع ہونے والا پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ ملتوی کر دیا گیا ہے۔

ہفتہ کو کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ جیمز سدر لینڈ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک "انتہائی غیر معمولی صورتحال ہے اور ہم اپنے کھلاڑیوں سے یہ توقع ہر گز نہیں کر سکتے اور نہ کریں گے کہ وہ اپنی ٹیم کے ایک رکن کی تدفین کے ایک دن بعد ہی پانچ روزہ میچ کھیلیں۔"

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی اس وقت سوگ میں ہیں اور یہ توقع کرنا کہ وہ ایک بھرپور دباؤ والا میچ کھیلیں "اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔"

فلپ ہیوز منگل کو سڈنی میں ایک فرسٹ کلاس میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے سر پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہو گئے تھے۔ اسپتال میں ان کی سرجری ہوئی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور جمعرات کو انتقال کر گئے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ان کی آخری رسومات آئندہ بدھ کو ان کے آبائی علاقے میکس ویل میں ادا کی جائیں گی۔

جیمز سدر لینڈ کا کہنا تھا کہ انھیں ادراک ہے کہ بہت سے حلقے خاص طور پر شائقین اس ٹیسٹ میچ کے بیتابی سے منتظر تھے لیکن "ہم مشاورت کے ساتھ اس بارے میں لائحہ عمل طے کریں گے، ہم کرکٹ کے حلقوں سے کہیں گے کہ وہ صبر سے کام لیں۔"

انھوں نے میچ ملتوی کیے جانے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے رضامندی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

XS
SM
MD
LG