رسائی کے لنکس

بھارت: عدالت کے احاطے میں بم دھماکے سے دو ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

علاقے کے ایک قانون ساز آر کے سنگھ کے مطابق دھماکے کے بعد دو قیدی بھی یہاں سے فرار ہوئے اور بظاہر یہی لگتا ہے کہ یہ بم دھماکا قیدیوں کو فرار کروانے کے لیے کیا گیا۔

بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں ایک عدالت کے احاطے میں بم دھماکے سے کم ازکم دو افراد ہلاک اور دس زخمی ہو گئے ہیں۔

جمعہ کو آرا نامی علاقے کی ایک عدالت کے اس حصے میں دیسی ساختہ بم کا دھماکا ہوا جہاں قیدیوں کو پیشی کے لیے جیل سے لا کر رکھا جاتا ہے۔

اعلیٰ پولیس عہدیدار گپتاشور پانڈے کے مطابق مرنے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں اور ابتدائی تفتیش سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ بم مبینہ طور پر یہی خاتون عدالت میں لے کر آئی تھی۔

زخمی ہونے والے ایک پولیس اہلکار نے اسپتال پہنچ کر دم توڑا جب کہ دیگر زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

علاقے کے ایک قانون ساز آر کے سنگھ کے مطابق دھماکے کے بعد دو قیدی بھی یہاں سے فرار ہوئے اور بظاہر یہی لگتا ہے کہ یہ بم دھماکا قیدیوں کو فرار کروانے کے لیے کیا گیا۔

تاہم اس بارے میں پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

یہ واقعہ ایسے ایک وقت پیش آیا ہے جب امریکہ کے صدر براک اوباما اختتام ہفتہ بھارت پہنچ رہے ہیں۔

وہ نئی دہلی میں پیر کو بھارت کے یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

اس سے قبل بھی خاص طور پر بھارتی کشمیر کے علیحدگی پسند گروپ اور ماؤ نواز باغی بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر پرتشدد کارروائیاں کر چکے ہیں۔

تاہم جمعہ کو ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی فرد یا گروہ نے تسلیم نہیں کی ہے۔

XS
SM
MD
LG