بھارتی حکومت صنعتی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن کے لیے ایک نیا ادارہ قائم کررہی ہے جو صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کا جائزہ لے گا۔
ماحولیات کے تحفظ سے متعلق مجوزہ بھارتی قومی ادارے’ این ای اے ایم اے‘کے متعلق وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے ایک خاص سطح سے زیادہ ماحولیاتی انحطاط اور قدرتی وسائل کا استحصال قابل قبول نہیں ہے۔
نئے ادارے کاقیام، وزارت ماحولیات کی جانب سے جے رام رمیش کی قیادت کے دوران سرمایہ کاری کے کئی بڑے منصوبوں کے روکے جانے کے بعد عمل میں آیا ہے۔ جے رام رمیش اب دیہی ترقی کے مرکزی وزیر ہیں۔
وزیر اعظم من موہن سنگھ نے اتوار کے روز ماحولیات سے متعلق ایک سیمنار میں اپنی تقریر کے دوران بتایا کہ نیا ادارہ نہ صرف کسی صنعتی منصوبے کے ماحول پر ممکنہ اثرات کے جائزہ لے گا بلکہ صنعتوں کےقیام کے بعد وہ ماحول دوست ضابطوں پر عمل درآمد کی نگرانی کا بھی ذمہ دار ہوگا۔
مسٹر سنگھ کا کہناتھا کہ مجوزہ ادارے کے قیام سے صنعتی منصوبوں کی منظوری سے قبل انہیں ماحولیات کی سیکیورٹی کے میعاروں پر بہتر طورپر پرکھا جاسکے گا ۔