بھارت میں اس سال گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے اوروہ دنیا میں دوسرا سب سے زیادہ گندم پیدا کرنے والا ملک بن کر اس کی برآمد شروع کررہاہے۔
بدھ کے روز جاری ہونے والے تخمینے میں کہا گیا ہے کہ اس سال گندم کی پیداوار 8 کروڑ 43 لاکھ ٹن رہنے کی توقع ہے جب کہ پچھلے سال یہ پیداوار لگ بھگ 8 کروڑ 10 لاکھ ٹن تھی۔
زراعت کے بھارتی وزیر شرد پوار نے بدھ کے روز نئی دہلی میں کہا کہ شاندار پیداوار حاصل ہونے کے بعد حکومت گندم کی برآمد پر پابندی اٹھالے گی جو گذشتہ چار سال سے عائد چلی آرہی ہے۔
پوار نے کہا کہ حکومت کواس سال دالوں کی بھی زیادہ پیداوار حاصل ہونے کی توقع ہے جس سے ملک میں خوردنی اجناس کا ذخیرہ 23 کروڑ 60 لاکھ ٹن تک پہنچ جائے گا ، جو ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ پیداوار ہوگی۔
اگر بھارت گندم کی برآمد دوبارہ شروع کردیتا ہے کہ تو اس سے دنیا کے کئی ممالک میں گندم کی فراہمی اور ان کی قیمتیں کم رکھنے میں مدد مل سکے گی۔