اتر پردیش اور راجستھان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور طوفانی بارشوں سے کم از کم 33 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
اترپردیش کے ضلع آگرہ کے ڈی ایم راکیش ملپانی نے بتایا کہ ان کے ضلع میں 15 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں سے پہنچنے والے نقصانات کی خبریں آ رہی ہے جس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ ضلعی عہدے دار کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں کے ورثا کی مدد کے لیے چار چار لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں۔
طوفان باد وباراں میں درجنوں جانور بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔
متھرا سے چار اور فیروزآباد سے بھی دو ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
راجستھان کے علاقوں بھرت پور اور دھولپور سے آنے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ وہاں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں پانچ بچوں سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے۔
پولیس کے مطابق مکانات گرنے سے ملبے میں دب کر بھرت پور میں پانچ اور دھولپور میں اور سات افراد ہلاک ہوئے۔
بھرت پور کے ڈویژنل کمشنر سوبیر کمار نے بتایا ہے کہ دونوں اضلاع میں عہدے داروں کو جانی اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
راجستھان میں عہدے داروں نے ہلاک شدگان کے ورثا کو پچاس پچاس ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے
بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات بھارت کے شمالی حصے میں کئی علاقے آندھی، تیز ہواؤں اور طوفانی بارشوں کا نشانہ بنے۔ دارالحکومت دہلی کے بھی کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔