بھارت کے اعلیٰ سکیورٹی عہدے دار کا کہنا ہے کہ امریکی صدر براک اوباما کے آئندہ دورہٴ بھارت کےموقعےپر کشمیری علیحدگی پسند حملے کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
وزیر داخلہ جی کے پلئی نے بدھ کے روز سی این این آئی بی این ٹیلیویژن کو بتایا کہ علیحدگی پسند چاہیں گے کہ متنازعہ علاقے میں کوئی حیرت انگیز واقعہ کر گزریں جس سے دنیا بھر کا دھیان اپنی طرف مبذول کراسکیں۔
تجارت اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے کی غرض سے مسٹر اوباما آئندہ ماہ بھارت کا دورہ کرنے والے ہیں۔
بدھ کے روز بھارتی کشمیر میں سکیورٹی فورسز اور احتجاج کرنے والوں کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم آٹھ افراد زخمی ہوئے۔ یہ مظاہرے1947 ء میں علاقے میں بھارتی فوجیوں کے داخل ہونے کی برسی کے موقعے کی مناسبت سےہوئے۔
علاقےکے باقی مقامات پر بھارت نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان نے بھارتی کشمیر کی سرحد کے قریب بھارتی فوج کی پوزیشنوں پر راکٹ فائر کیےاور توپوں کے گولے پھینکے، جو مبینہ طور پر فائر بندی کےمعاہدے کی دوسری خلاف ورزی ہے۔
بھارت کی فوج کا کہنا ہے کہ اُس کے فوجیوں نےفائر کا جواب دیا۔ ہلاکتوں کے بارے میں کوئی خبریں موصول نہیں ہوئیں۔
اتوار کے روز پاکستانی کشمیرکی طرف سے ہونے والی گولہ باری میں ایک بھارتی سپاہی ہلاک ہوا۔