بھارتی عہدے داروں نےکہاہے کہ پولیس کی جعلی وردیوں میں ملبوس ماؤ نواز باغیوں نے مشرقی بھارت کے ایک دور افتاد ہ علاقے میں چھ عام شہریوں کو گولی مار کر ہلاک کردیاہے۔
ماؤ نواز باغیوں نے ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ سے تقریباً 200 کلومیٹر کے فاصلے پرواقع ایک قصبے کیرالی میں داخل ہوکر وہاں کے کچھ رہائشیوں پر پولیس کے جاسوس ہونے کا الزام لگایا۔
پولیس کے عہدے داروں کا کہناہے کہ ہفتے کے روز پیش آنے والے اس واقعہ میں پانچ افراد کو موقع پر ہی ہلاک کردیا گیا، جب کہ چھٹا شخص بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
بھارتی راہنما ملک میں گذشتہ 40 برسوں سے جاری ماؤ نواز شورش کو ملک کی داخلی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ قراردیتے ہیں۔
ماؤ نواز بھارت کی 20 سے زیادہ ریاستوں میں اپنا اثرورسوخ قائم کرچکے ہیں ۔ ا ن کا کہناہے کہ وہ روزگار کے مواقعوں اور غریبوں کاشت کاروں کی زمین کے حق کے لیے لڑ رہے ہیں۔