بھارت کی ریاست گجرات کے ضلع بانس کانتھا کے قصبے امباجی نے قریب ایک بس الٹنے سے کم ازکم 21 افراد ہلاک اور 55 زخمی ہو گئے۔
عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات سے پتا چلا ہے کہ زخمیوں میں سے 35 کی حالت تشویش ناک ہے اور انہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
گجرات کے وزیراعلیٰ وجے روپن نے مقامی عہدے داروں سے کہا ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کریں۔
بتایا گیا ہے کہ بس میں یاتری سوار تھے جو امباجی سے واپس انکلو جا رہے تھے۔
علاقے میں گزشتہ دو روز سے بارش ہو رہی تھی۔ سٹرک پر پانی اور کیچڑ ہونے کے باعث بس اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکی اور پھسل کر الٹ گئی۔
بانس کانتھا کہ ضلعی پولیس آفیسر اجیت راجیان نے میڈیا کو بتایا کہ بس ایک پرائیویٹ کمپنی کی تھی جس پر 70 کے لگ بھگ افراد سوار تھے۔ تیز بارش کی وجہ سے ڈرائیور بس پر اپنا کنٹرول برقرار نہ رکھ سکا اور بس سٹرک سے پھسلنے کے بعد الٹ گئی۔