رسائی کے لنکس

بھارت میں تین ٹرینوں کے تصادم میں 261 مسافر ہلاک، 900 زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کی ریاست اڑیسہ میں تین ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں 250 سے زائد مسافر ہلاک اور لگ بھگ 900 زخمی ہوگئے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثہ جمعے کی شب ریاست اڑیسہ کے شہر بالاسور میں پیش آیا جب بنگلورو ہورا سپرفاسٹ ایکسپریس، شالیمار چنئی سینٹرل کرومینڈل ایکسپریس اور پٹری پر پہلے ہی کھڑی مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں۔


بھارتی ذرائع ابلاغ حادثے میں 261 مسافروں کی ہلاکت رپورٹ کر رہے ہیں جب کہ بعض بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے 288 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ حادثے کو بھارت میں دو دہائیوں کے دوران پیش آنے والا سب سے مہلک حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارت کے ریلو ے حکام نے ایک بیان میں کہا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بنگلورو ہورسوپر فاسٹ ایکسپریس پٹری سے اتر گئی اور کورومنڈل ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ پٹری سے اترنے والی کورومنڈل ایکسپریس ریاست مغربی بنگال کے علاقے بنگلورو ہورا سپرفاسٹ ایکسپریس سے جنوبی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئ جا رہی تھی۔

ریلوے منسٹری کے ترجمان امیتابھ شرما نے کہا تھا کہ ایک ٹرین کے 10 سے 12 ڈبے پٹری سے اتر گئے اور کچھ ٹوٹی ہوئی بوگیوں کا ملبہ قریبی ٹریک پر گر گیا۔ اور مخالف سمت سے آنے والی ایک دوسری مسافر ٹرین اس سے ٹکرا گئی اور اس کے بھی تین ڈبے پٹری سے اتر گئے ۔

جائے حادثہ سے ملنے والی تصاویر میں ریسکیو ورکرز کو زندہ بچ جانے والے لوگوں کو تلاش کرنے کے لئے ایک تباہ شدہ ٹرین کے ملبے پر چڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔

حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد تقریباً 400 افراد کو ہسپتالوں میں لے جایا گیا۔ اڑیسہ کے ایک سرکاری ہسپتال کے باہر سینکڑوں نوجوان خون کے عطیات دینے کےلئے لائنوں میں کھڑے نظر آئے۔

ایک عینی شاہد نے رائٹرز کو بتایا کہ ، میں اس مقام پر تھا اور وہاں خون، ٹوٹے ہوئے انسانی اعضا اور لوگوں کو مرتے ہوئے دیکھ سکتا تھا۔

چیف سیکرٹری جینا نے اس سے قبل کہا تھا کہ سینکڑوں لوگوں کو حادثے کے قریب واقع مختلف مقامی ہسپتالوں میں لے جایا گیا اور یہ کہ 200 سے زیادہ ایمبولینسیں متاثرین کو قریبی ہسپتالوں میں پہنچاتی رہیں۔

اڑیسہ کے وزیر اعلیٰ نوین پانٹنائک نے کہا ہے کہ حکام کی ترجیح زندہ لوگوں کو ہسپتال پہنچانا تھی ، انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ فکر زندہ لوگوں کو بچانے کی تھی۔

وزیر اعظم نریندرمودی نے ٹویٹر پر کہا کہ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد دی جارہی ہےـ۔

اڑیسہ میں ٹرینوں کا حادثہ، فوٹو اے پی 2 جون 2023
اڑیسہ میں ٹرینوں کا حادثہ، فوٹو اے پی 2 جون 2023

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ، ریاستی حکومت کی ٹیمیوں اور ائیر فورس کو بھی حادثے میں کارروائی کے لئے متحرک کر دیا گیا ہے ۔

دنیا میں ایک ہی انتظام کے تحت سب سے بڑا ٹرین نیٹ ورک ہ بھارت میں ہے۔بھارت بھر میں روزانہ ایک کروڑ بیس لاکھ سے زیادہ لوگ 64 ہزار کلومیٹر ٹریک پر چلنے والی 14,000 ٹرینوں پر سفر کرتے ہیں ۔

ٹرینوں کی حفاظت کو بہتر بنانے کی کوششوں کے باوجود، ہندوستان میں ہر سال ریلوے کے کئی حادثات رونما ہوتے ہیں۔

اگست 1995 میں نئی دہلی کے قریب دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئی تھیں ۔ بھارت کی تاریخ کے اس بدترین ٹرین حادثے میں 358 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

زیادہ تر ٹرین حادثات کا الزام انسانی غلطی یا سگنل کے پرانے آلات پر عائد کیا جاتا ہے

(اس خبر کا مواد رائٹرز اور اے پی سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG