انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیموں کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے۔ جس کے مطابق بھارت نے ایک درجہ ترقی پا کر پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
آئی سی سی نے بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ کے فیصلے کے بعد جمعرات کو نئی ون ڈے رینکنگ جاری کی ہے۔
بدھ کو انگلینڈ کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بھارت نے میزبان انگلش ٹِیم کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد ون ڈے رینکنگ میں اس کے پوائنٹس کی تعداد 108 ہو گئی ہے۔
بھارت نے انگلینڈ کو شکست دے کرنہ صرف تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں 0-1 کی سبقت حاصل کر لی ہے بلکہ عالمی ون ڈے رینکنگ میں تیسری پوزیشن بھی سنبھال لی ہے۔
اس سے قبل پاکستان 106 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر براجمان تھا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 127 پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے رینکنگ میں بدستور پہلے اور انگلش ٹیم 122 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
اسی طرح آسٹریلیا 101 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، جنوبی افریقہ 99 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے اور بنگلہ دیش کی ٹیم 96 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کی ابتدائی سات ٹیمیں 2023 میں ہونے والے ورلڈکپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کریں گی جب کہ دیگر ٹیموں کو کوالیفائر میچز کھیلنا ہوں گے۔
آئی سی سی نے عالمی مقابلے کے لیے ٹیموں کے کوالیفائنگ مرحلے کو 'سپر لیگ' کا نام دیا ہے جس کے لیے تمام 13 ملکوں کی ٹیموں کو جولائی 2020 سے مئی 2023 تک آٹھ آٹھ ون ڈے سیریز کھیلنا ہیں۔