رسائی کے لنکس

کیا پرینیتی چوپڑا رکنِ پارلیمنٹ راگھو چڈھا سے شادی کرنے والی ہیں؟


بھارتی میڈیا میں ان دنوں بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما اور رکنِ پارلیمنٹ راگھو چڈھا کی قربتوں کی چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔

دونوں کو حال ہی میں ایک ساتھ ممبئی کے ایک ریستوران میں دیکھا گیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو کے بعد پرینیتی چوپڑا کے مداحوں ان دونوں کے رشتے کے بارے میں چہ مگوئیاں کرنے لگے تھے۔

بعدازاں منگل کو عام آدمی پارٹی کے رکنِ پارلیمنٹ سنجیو اروڑا نے ایک ٹوئٹ میں پرینیتی اور راگھو کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کے جڑنے پر نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں۔

اس ٹوئٹ کے بعد ٹوئٹر صارفین کی جانب سے بھی اداکارہ اور رکنِ پارلیمنٹ کو مبارک دیں دی جانے لگیں۔

دھرمندرا مشرا نے کہا کہ "چڈھا جی کو مبارک ہو، اب راج نیتی نہیں پرینیتی پر ہی بات شروع ہو گئی۔"

ٹوئٹر صارف مختار چوہدری نے دونوں کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ایک اور صارف پون کمار نے سوال کیا کہ دونوں نے اعلان کب کیا؟

فیضان نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ "راج نیتی سے پرینیتی تک کا سفر۔"

یاد رہے کہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی جانب سے شادی یا منگنی کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کے مطابق جب دونوں کو ممبئی کے ریستوران میں ساتھ دیکھا گیا تھا تو میڈیا کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات پر راگھو چڈھا نے کہا تھا کہ "آپ مجھ سے راجنیتی کے سوال کیجیے پرینیتی کے نہیں، اور جب شادی کروں گا تو آپ کو بتا دوں گا۔"

واضح رہے کہ راگھو چڈھا سن 2022 میں بھارت کے سب سے کم عمر رکنِ پارلیمنٹ بنے تھے۔ جہاں وہ ریاست پنجاب کے نمائندہ تھے۔

پرینیتی اور راگھو کے کے رشتے سے متعلق ٹوئٹ سامنے آنے کے بعد اداکارہ سے ایئرپورٹ پر شادی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے ہاں یا نہ میں جواب دینے کے بجائے صرف مسکرا دیا۔

اداکارہ پرینیتی چوپڑانے سن 2014 میں فلم 'لیڈیز ورسز رکی بھیل' کے ذریعے بالی وڈ نگری میں قدم رکھا تھا۔ انہوں نے عشق زادے، ہنسی تو پھنسی اور میری پیاری بندو جیسی فلموں میں کام کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG