رسائی کے لنکس

بھارت میں لوہے کا 60 فٹ لمبا پل غائب، پولیس کو چوروں کی تلاش


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کی مشرقی ریاست بہار کی پولیس کو ایک ایسے گینگ کی تلاش ہے جس نے 60 فٹ لمبا لوہے کا پُل چوری کیا ہے ۔ اس پل کو حصوں میں تقسیم کر کے اسکریپ کے طور پر فروخت کیا جا سکتا ہے۔

حکام کے مطابق بہار کے دارالحکومت پٹنا کے جنوب میں 150 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع امیاور گاؤں میں چوروں نے اپنے آپ کو محکمۂ آب پاشی کے اہل کار ظاہر کیا اور انہوں نے پُل کو کاٹنے کے لیے گیس کٹرز کے علاوہ اکھاڑنے کے لیے مشینری بھی استعمال کی۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق بھارت میں لوہے کو اسکریپ کے طور پر فروخت کرنا فائدہ مند کاروبار سمجھا جاتا ہے اور سرکاری مقامات سے لوہے کے پارٹس کی چوری عام بات ہے، جنہیں کیش کے فوری حصول کے لیے غیر منظم مارکیٹوں میں فروخت کیا جاتا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق امیاور گاؤں کے رہائشی سمجھے کہ سرکاری حکام نے پرانے پُل کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے جو کہ نہر پر تین دہائیوں قبل تعمیر کیا گیا تھا اور اب استعمال میں نہیں تھا۔

گاؤں کے ایک رہائشی کا کہنا تھا کہ گاؤں والوں کی طرف سے محکمۂ آب پاشی کو پُل اتارنے کی درخواست دی گئی تھی۔

انتیس سالہ گاندھی چوہدری کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ بھاری مشینری اور گیس کٹرز کے ساتھ آئے اور دن کے اوقات میں دو دنوں تک کام کرتے رہے۔

چوہدری کے بقول گاؤں کے لوگوں نے ان سے ان کی شناخت کے بارے میں پوچھا، جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی خدمات محکمۂ آب پاشی نے پُل اتارنے کے لیے حاصل کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ہفتے کے آغاز میں پُل سے اترنے والے لوہے کو ٹرک پر ڈالا گیا اور وہ وہاں سے روانہ ہو گئے۔

واقعے کی تحقیقات کرنے والے پولیس افسر سبھاش کمار کا کہنا ہے کہ انہوں نے گینگ کے چند اراکین کی شناخت کر لی ہے جب کہ کچھ کی شناخت ابھی ہونا باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سرکاری پراپرٹی کو تباہ کیا اور پُل کی چوری کی۔

(اس خبر میں مواد خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG