رسائی کے لنکس

انسانی اسمگلنگ کا شبہ، فرانس نے 276 مسافر واپس بھارت بھیج دیے


چار روز تک فرانس میں روکے جانے کے بعد بھارتی مسافروں کو واپس بھیجنے کے لیے طیارے میں سوار کرایا جا رہا ہے۔ 25 دسمبر 2023
چار روز تک فرانس میں روکے جانے کے بعد بھارتی مسافروں کو واپس بھیجنے کے لیے طیارے میں سوار کرایا جا رہا ہے۔ 25 دسمبر 2023

فرانس میں انسانی اسمگلنگ کے سلسلے میں روکے گئے ایک چارٹر طیارے کو ، جس پر تین سو سے زیادہ بھارتی باشندے سوار تھے، 276 مسافروں کے ساتھ بھارت واپس بھیج دیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ نکارا گوا جانے والے لیجنڈ ایئرلائنز کے اے 340 طیارے کو، جس پر کوئی نشان نہیں تھا، چار روز تک فرانس کی شمپین کاؤنٹی کے وٹری نامی دیہی ایئر پورٹ پر روکے جانے کے بعد ، پیر کے روز مسافروں اور عملے سمیت پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

مقامی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ طیارے کے 303 مسافروں میں سے 276 کو بمبئی واپس بھیج دیا گیا ہے جب کہ باقی ماندہ 25 مسافروں نے فرانس میں سیاسی پناہ کی درخواست کی ، جنہیں پیرس کے چارلس ڈیگال ایئرپورٹ پر سیاسی پناہ کے خواہش مندوں کے لیے قائم خصوصی زون میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

فرانس میں رہ جانے والے مسافروں میں ایک 21 ماہ کا بچہ اور متعدد نابالغ بھی شامل ہیں۔

طیارہ 25 دسمبر کو ممبئی جانے کے لیے ٹیک آف کر رہا ہے۔فوٹو اے پی
طیارہ 25 دسمبر کو ممبئی جانے کے لیے ٹیک آف کر رہا ہے۔فوٹو اے پی

پیرس کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے بتایا ہے کہ باقی رہ جانے والے مسافروں میں سے دو کو انسانی اسمگلنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں حراست میں لیا گیاتھا، تاہم پیر کے روز جج کے سامنے پیش ہونے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ جج نے انہیں فرانس کے قانون کے تحت تحقیقات میں مدد کے لیے معاون گواہوں کی حیثیت دے دی ہے۔

لیجنڈ ایئرلائنز کا اے 340 طیارہ جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے فجیرہ ایئرپورٹ سے نکارا گوا کے مناکواکے لیے روانہ ہوا تھا اور سفر کے دوران ایندھن بھرنے کے لیے فرانس کے وٹری ایئرپورٹ پر اترا، جسےپولیس نے یہ خفیہ اطلاع ملنے کے بعد کہ طیارہ ممکنہ طور پر انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، روک لیا۔

تاہم استغاثہ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا کہ آیا طیارے میں سوار مسافروں کی منزل امریکہ ہو سکتی ہے، جہاں حالیہ برسوں میں میکسیکو کی سرحد عبور کر کے غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے بھارتی باشندوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

فرانس کے ایک دیہی ایئرپورٹ وٹری پر ایندھن بھرنے کےلیے اترنے والے طیارے کو فرانسیسی پولیس نے گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ اس طیارے کے ذریعے 303 بھارتی باشندے نکاراگوا جا رہے تھے۔ 25 دسمبر 2023
فرانس کے ایک دیہی ایئرپورٹ وٹری پر ایندھن بھرنے کےلیے اترنے والے طیارے کو فرانسیسی پولیس نے گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ اس طیارے کے ذریعے 303 بھارتی باشندے نکاراگوا جا رہے تھے۔ 25 دسمبر 2023

پراسیکیوٹر کے دفتر نے کہا ہے کہ فرانسیسی حکام یہ جاننے کے لیے کام کررہے ہیں کہ اس پرواز کا اصل مقصد کیا تھا اور انہوں نے ایک ایسے منظم مجرمانہ گروہ کی سرگرمیوں کے بارے میں عدالتی تحقیقات شروع کر دیں ہیں جو غیر ملکیوں کو غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے یا رہنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

وٹری ایئرپورٹ پر طیارہ روکے جانے کے بعد اس میں سوار افراد کے لیے مقامی عہدے داروں ، طبی عملے اور رضاکاروں نے رہائش ، طعام اور طبی سہولتیں فراہم کیں جب کہ اتوار کے روز ایئرپورٹ پر ہی ایک عارضی عدالت لگائی گئی جس میں ججوں، وکلا اور ترجمانوں نے ہنگامی سماعتوں میں حصہ لیا۔

بھارتی سفارت خانے نے مختصر پیغام رسانی کی ویب سائٹ ایکس پر فرانسیسی حکام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بھارتی باشندوں کی واپسی کو یقینی بنانے کے لیے کام کیا۔ علاقے کے پراسیکیوٹر اینک براؤن نے اے پی کو بتایا کہ حکام نے مسافروں کو فرانس چھوڑنے کی اجازت دینے کے لیے کرسمس سے قبل کی شام اور کرسمس کی صبح تک ضابطوں کی تمام کارروائیاں مکمل کیں۔

لیجنڈ ایئر لائنز کی وکیل لیلیانا باکیوکو نے بتایا کہ کچھ مسافر بھارت واپس جانا نہیں چاہتے تھے کیونکہ انہوں نے نکاراگوا کے سیاحتی سفر کے لیے ادائیگی کی تھی۔ ایئر لائن نے ممکنہ انسانی اسمگلنگ میں اپنے کسی بھی کردار سے انکار کیا ہے۔

امریکی حکومت نے نکاراگوا کو ان متعدد ممالک میں نامزد کیا ہوا ہے جو انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے درکار کم از کم معیارات پورے نہیں کر سکے۔

نکاراگوا کچھ ممالک کو ویزے کے بغیر داخلے کی اجازت دیتا ہے جسے بعض افراد نقل مکانی کے لیے ایک گزرگاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں ۔ بعض اوقات اس سلسلے میں سفر کے لیے چارٹر پروازیں بھی استعمال کی جاتی ہیں۔

(اس رپورٹ کےلیے کچھ معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG