رسائی کے لنکس

انڈونیشیا: احمدیوں پر تشدد کی مذمت


انڈونیشیا: احمدیوں پر تشدد کی مذمت
انڈونیشیا: احمدیوں پر تشدد کی مذمت

انڈونیشیا کی حکومت نے ملک میں مقیم احمدیہ مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد پر ایک حالیہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مذکورہ واقعہ انڈونیشیا کے صوبے مغربی جاوا کے ایک قصبے اسکے سک میں اتوار کے روز پیش آیا تھا جہاں ایک احمدی عبادت گاہ پر مسلمانوں کے مبینہ حملے میں تین افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

احمدی مسلمان ہونے کے دعویٰ کرتے ہیں تاہم مسلمانوں کی اکثریت انہیں اسلام کے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو خاتم الانبیاء تسلیم نہ کرنے کے باعث غیر مسلم قرار دیتی ہے۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ’ہیومن رائٹس واچ‘ نے اتوار کو پیش آنے والے واقعے کی ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں تقریباً ایک ہزار مسلمانوں کو ایک مکان کا گھیراؤ کیے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مکان کے بارے میں شبہ تھا کہ اسے احمدی افراد اپنی عبادت گاہ کے طور پر استعمال کررہے تھے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ احتجاجی ہجوم نے عمارت پر پتَھراؤ کیا اور پھر عمارت سے باہر نکلنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

پیر کے روز اپنے ایک بیان میں انڈونیشیا کے سلامتی کے وزیر ڈجوکو سویانتونے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین کو واقعہ کی مکمل تحقیقات کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

تاہم اپنے بیان میں انڈونیشی وزیر نے احمدی مسلک کے افراد پر زور دیا کہ وہ 2008 ءمیں منظور کیے گئے اس قانون پر عمل کریں جس میں احمدیوں کو اپنے عقائد کی تبلیغ نہ کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔

انڈونیشیا اسلامی دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جس کی آبادی 20 کروڑ کے لگ بھگ ہے، جس میں احمدیوں کی تعداد دو لاکھ کے قریب ہے ۔ ملک سیکولر آئین اور طرز حکومت کے باوجود احمدیوں کو اکثر اوقات مسلم اکثریت کے امتیازی سلوک کا نشانہ بننا پڑتا ہے۔

دوسری جانب انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں پیر کے روز انسانی حقوق کے سرگرم گروپوں نے گزشتہ روز کے واقعے کے خلاف احتجاج کیا ۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے صدر سوسیلو بمبانگ یودھویونو سے اقلیتوں کے تحقظ یقینی بنانے کامطالبہ کیا ۔

ہیومن رائٹس واچ نے اپنے ایک بیان میں حکومت سے اتوار کے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تنظیم کا کہناہے کہ انڈونیشیا میں گزشتہ ایک سال کے دوران مسلم بنیاد پرستوں کی جانب سے احمدیوں کے خلاف تشدد کے 50 سے زائد واقعات پیش آئے تھے۔

XS
SM
MD
LG