بھارت کے اوپننگ بیٹسمین روہت شرما اور فاسٹ بالر ایشانت شرما دورہ آسٹریلیا سے باہر ہو گئے ہیں۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی سینئر نیشنل سلیکشن کمیٹی نے پیر کو دورۂ آسٹریلیا کے لیے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکوارڈ کا اعلان کیا ہے۔
تاہم تنیوں فارمیٹس میں سے کسی میں بھی روہت اور ایشانت کے نام شامل نہیں۔
'رائٹرز' کے مطابق روہت شرما انڈیا پریمیئر لیگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے جس کے سبب ان کی کمر اور ٹانگ میں تکلیف ہے جب کہ ایشانت شرما کی پسلیاں زخمی ہیں۔
دونوں کھلاڑی زخمی ہونے کے سبب انڈین پریمیئر لیگ بھی نہیں کھیل رہے۔
بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ اس کی میڈیکل ٹیم دونوں کھلاڑیوں کی صحت بہتر ہونے پر توجہ مرکوز رکھے گی۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 'بورڈر- گواسکر ٹرافی' کے تحت چار ٹیسٹ، تین ایک روزہ انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ تاہم دورے کی مزید تفصیلات ابھی طے ہونا باقی ہیں۔
روہت کی جگہ کے ایل راہول کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ تینوں فارمیٹ کے کپتان ویراٹ کوہلی اور ٹیسٹ کے علاوہ باقی دونوں فارمیٹس کے نائب کپتان کے ایل راہول ہوں گے۔
کے ایل راہول کو انٹرنیشنل کیئر میں پہلی مرتبہ قیادت کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔
سلیکٹرز نے نودیپ سینی اور محمد سراج کو فاسٹ بالنگ اور اچھی پرفارمنس کے سبب اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
اسپنر ورون چکروتی جو آئی پی ایل 2020 میں پانچ وکٹیں لینے والے پہلے بالر بن گئے ہیں۔ اُنہیں ٹی 20 اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
رشبھ پنت ون ڈے اور ایک روزہ اسکواڈ کا حصہ نہیں تاہم سنجو سیم سن کو لمیٹڈ فارمیٹ میں متبادل وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا ہے جب کہ کے ایل راہول ون ڈے ٹیم کے واحد وکٹ کیپر ہوں گے۔
بی سی سی آئی کے مطابق چار اضافی فاسٹ بالرز بھارتی اسکواڈ کے ساتھ دورۂ آسٹریلیا میں شامل ہوں گے۔ ان میں کملیش نگرکوٹی، کارتک تیاگی، ایشان پوریل اور ٹی نٹ راجن شامل ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ تینوں فارمیٹس کے کھلاڑیوں کے نام کچھ اس طرح ہیں:
ٹیسٹ اسکواڈ
ویرات کوہلی (کپتان)، مایانک اگروال، پرتھوی شا، کے ایل راہول، چیتشور پوجارا، اجنکیا رہانے (نائب کپتان)، ہنوما وہاڑی، شوبمن گیل، وریدھیمان ساہا (وکٹ کیپر) ، رشبھ پانٹ (وکٹ کیپر) ، جسپریت بھمرا ، محمد شامی، اومیش یادو، نودیپ سینی، کلدیپ یادو، رویندر جڈیجا، آر اشون اور محمد سراج۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ
ویرات کوہلی (کپتان) ، شیکھر دھون، مایانک اگروال، کے ایل راہول (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، شری یاس ایئر، منیش پانڈے، ہاردک پانڈیا، سنجو سیم سن (وکٹ کیپر)، رویندر جڈیجا، واشنگٹن سندر، یوزویندر چاہل، جسپرت بھمرا، محمد شامی، نودیپ سینی، دیپک چہر اور ورون چکرورتی۔
ون ڈے اسکواڈ
ویرات کوہلی (کپتان)، شیکھر دھون، شبمن گل، کے ایل راہول (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، شری یاس ایئر، منیش پانڈے، ہاردک پانڈیا، مایانک اگروال، رویندر جڈیجا، یوزویندر چاہل، کلدیپ یادو، جسپرت بھمرا، محمد شامی، نویدیپ سینی اور شاردل ٹھاکر۔