رسائی کے لنکس

آئی پی ایل میں پلے آف مرحلے کا آغاز، ٹرافی کی دوڑ میں چار ٹیمیں مدِ مقابل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا سولہواں ایڈیشن اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ دس میں سے چھ ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں اور اب صرف چار ٹیمیں ٹرافی کی دوڑ میں باقی رہ گئی ہیں۔

آئی پی ایل میں آج سے پلے آف مرحلے کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس میں چار ٹیمیں دو میچز میں مدِ مقابل ہوں گی۔

پلے آف مرحلے کا پہلا میچ گجرات ٹائٹنس اور چنئی سپر کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا پلے آف میچ ممبئی انڈینز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان بدھ کو کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا فائنل 28 مئی کو احمد آبادمیں ہو گا۔

گجرات ٹائٹنس اور چنئی سپر کنگز کے درمیان پہلے پلے آف میچ کی فاتح ٹیم براہِ راست فائنل میں پہنچ جائے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم کو ایونٹ میں رہنے کا ایک موقع ملے گا۔

پہلے پلے آف میچ کی شکست خوردہ ٹیم 26 مئی کو دوسرے پلے آف میچ کی فاتح ٹیم کے مدِمقابل ہو گی اور جیتنے والی ٹیم فائنل کھیل سکے گی۔

ایونٹ کے پہلے مرحلے میں گجرات ٹائٹنس کی ٹیم 14 میچز میں سے 10 میں کامیابی حاصل کر کے 20 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست تھی۔

چنئی سپر کنگز 14 میں سے آٹھ میچز میں کامیابی حاصل کر سکی تھی جب کہ ایک میچ برابری پر ختم ہوا تھا۔ اس طرح چنئی 17 پوائنٹس حاصل کر کے فہرست میں دوسرے نمبر پر رہی تھی۔

لکھنؤ سپر جائنٹس 14 میں سے آٹھ میچز میں کامیابی حاصل کر کے 17 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور ممبئی انڈینز آٹھ میچز میں کامیابی کے بعد 16 پوائنس کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھے۔

XS
SM
MD
LG