رسائی کے لنکس

ایرانی فوجی اڈے میں دھماکا، 18 ہلاک


ایرانی فوجی اڈے میں دھماکا، 18 ہلاک
ایرانی فوجی اڈے میں دھماکا، 18 ہلاک

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے نے بدھ کو اطلاع دی ہے کہ ملک کے مغربی حصے میں ایک فوجی اڈے پر ہونے والے دھماکے میں پاسدارانِ انقلاب کے 18ارکان ہلاک ہوگئے۔

اِرنا نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ یہ واقعہ خُرم آباد شہر میں پیش آیا جو دارالحکومت تہران کے جنوب مغرب میں 500 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق فوجی اڈے میں اچانک لگنے والی آگ بارود کے ذخیرے تک پہنچ گئی جس سے زوردار دھماکا ہوا۔ تاہم حکام نے آگ لگنے کی وجوہات نہیں بتائی ہیں۔ اس واقعہ میں پاسدارنِ انقلاب کے14 دوسرے اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

ایرانی شہر خُرم آباد میں اب تک تشدد کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا۔ تاہم جغرافیائی لحاظ سے یہ شہر عراق کی سرحد کے قریب کُرد آبادی والے علاقوں کے قریب ہے جہاں حالیہ مہینوں میں مرکزی حکومت کے مخالف بعض کُرد گروہوں نے کئی حملے کیے ہیں۔

عراقی سرحد کے قریب ایرانی شہر ماہ آباد میں 12 ستمبر کو ایک فوجی پریڈ میں کیے گئے بم دھماکے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے ردِعمل میں ایران نے سرحد پار ایک چھاپہ مار کارروائی بھی کی تھی۔

تہران کا الزام ہے کہ اس حملے میں کُرد علیحدگی پسند اور عراق کے سابق آمر صدام حسین کے حامی ملوث تھے۔

XS
SM
MD
LG