رسائی کے لنکس

ایران کا فوجی پریڈ پر حملے میں ملوث مشتبہ افرادکوہلاک کرنے کادعویٰ


ایرانی فوجی پریڈ میں مصروف (فائل فوٹو)
ایرانی فوجی پریڈ میں مصروف (فائل فوٹو)

ایران کے پاسداران انقلاب نے گذشتہ ہفتے ایک فوجی تقریب پر ہونے والے حملے میں ملوث اہم افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

شمال مغربی قصبے ماہ آباد میں بدھ کے روز ہوئے بم دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم بارہ افراد ہلاک اور لگ بھگ ستر زخمی ہو گئے تھے۔

پاسداران انقلاب کے کمانڈر عبد الرسول محمودآبادی کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بم حملے کے ذمہ دار گروپ کے30 مشتبہ ارکان کو ہلاک کر دیا ہے۔

ایک روز قبل سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز مزید ایک یا دو مشتبہ افراد کی تلاش میں ہیں جو عراقی سرحد کے قریب کی گئی کارروائی کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ انھوں نے مبینہ طور پر بم حملے میں ملوث گروپ کا نام بتانے سے گریز کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ فوجی پریڈ پر کیے گئے حملے میں دو اعلیٰ فوجی افسران کی بیگمات بھی ہلاک ہوئی تھیں۔ کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن بعض حکام کا کہنا ہے کہ اس میں علاقے میں سرگرم کرد علیحدگی پسند ملوث ہیں۔

اتوار کوپاسداران انقلاب کے ایک اور رہنماء محمد پاک پور نے اسرائیل اور امریکہ پر اس بم حملے میں معاونت کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG