ایران نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ اس نے سیٹلائٹ لے جانے کی صلاحیت والا راکٹ خلا میں بھیجنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
ایران کے سرکاری تحویل میں کام کرنے والے ٹیلی ویژن نے راکٹ کا نام ’سمورگ‘ بتایا ہے، جس کا مطلب ققنس کا فرضی پرندہ ہے، جو 250کلوگرام وزنی سیٹلائٹ کو زمین کے مدار سے 500کلومیٹر دور تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم، جمعرات کو کیے گئے اس اعلان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا راکٹ کا کُل وزن کتنا تھا۔
ٹیلی ویژن نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ’’سمورگ (ققنس) کے کامیاب تجربے سے امام خمینی خلائی مرکز کا سرکاری طور پر افتتاح ہوا‘‘۔
راکٹ کا یہ تجربہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب ایران کے بیلاسٹک میزائل پروگرام جاری رکھنے کی پاداش میں اس ماہ کے اوائل میں امریکہ نے ایران کے خلاف اضافی معاشی تعزیرات عائد کر دی ہیں۔
جمعرات کو راکٹ فضا میں بھیجنے کا عمل سنہ 2015ء کے جوہری سمجھوتے کی خلاف ورزی کے زمرے میں نہیں آتا، جس پر ایران اور متعدد مغربی ملکوں نے دستخط کیے تھے، حالانکہ امریکہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ایران جس راکٹ ٹیکنالوجی کی تیاری پر کاربند ہے، اسے طویل فاصلے کے میزائل داغنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اس ہفتے کے اوائل میں، ایران نے اعلان کیا تھا کہ ایک نئی تنصیب کا افتتاح کیا جا رہا ہے، جہاں میزائل تیار ہوسکیں گے، جو طیاروں اور کروز میزائل کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کے قابل ہوں گے۔