رسائی کے لنکس

امریکہ نے ایران کے جوہری دعووں کو مسترد کر دیا


امریکہ نے ایران کے جوہری دعووں کو مسترد کر دیا
امریکہ نے ایران کے جوہری دعووں کو مسترد کر دیا

گر ایران جوہری بم بنانے کا ارادہ کرلے، تو اُسے اعلان کرنے میں کوئی خوف نہیں ہوگا: احمدی نژاد

امریکہ نے ایران کے اِن دعووں کو رد کیا ہے جِن میں کہا گیا تھا کہ یورینیم کی افزودگی کی کوششوں کے حوالے سے ایران نےاہم پیش رفت حاصل کی ہے۔

وہائیٹ ہاؤس کے ترجمان، رابرٹ گِبز نے جمعرات کے روز کہا کہ ایرانی صدر محمود احمدی نژاد جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ زیادہ تر درست نہیں، اور یہ کہ ایرانی رہنما کے حالیہ بیانات ، گِبز کے بقول، 'سیاست سے متعلق ہیں، طبیعیات سے نہیں۔'

اِس سے پیشتر جمعرات کو مسٹر احمدی نژاد نے کہا تھا کہ ایران کے پاس اِس وقت یورینیم افزودہ کرنے کی اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ جوہری ہتھیار تیار کرسکتا ہے، اگرچہ اُس کا ایسا کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

خبر رساں ادارے، رائٹرز کے ساتھ انٹرویو میں ایران کے جوہری پروگرام کے سربراہ مسٹر اکبر صلاحی کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس یورینیم کی افزودگی کی سو فی صد حلاحیت موجود ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جوہری ہتھیار تیار کرنے کے لیے یورینیم کی 90فی صد افزودگی درکار ہوتی ہے۔

گِبز نے کہا کہ ایران کے بیان اور عمل کے باعث متعدد ممالک یہ سمجھنے لگے ہیں کہ ایران جوہری ٹیکنالوجی کو پُرامن مقاصد کے لیے استعمال نہیں کر رہا۔

برطانیہ نے بھی ایران کے جوہری دعووں پر ردِ عمل کا ا ظہار کیا ہے۔

برطانوی وزیرِ اعظم گورڈن براؤن نے جمعرات کو خبردار کیا کہ مغرب کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر ایران اپنے موجودہ راستے پر گامزن رہتا ہے تو ملک، اُن کے بقول، 'تاریخ کی غلط سمت ' چل پڑے گا۔

جمعرات کے اپنے خطاب میں مسٹر احمدی نژاد نے کہا اگر ایران جوہری بم بنانے کا ارادہ کرلے، تو اُسے اِس بات کا اعلان کرنے میں کوئی خوف نہیں ہوگا۔ اُنھوں نے کہا کہ ایرانی سائنس دانوں نے 20فی صد یورینیم کی افزودگی کے ہدف کو حاصل کر لیا ہے، جِس سے طبی تحقیق کے ری ایکٹر کے لیے ایندھن میسر آ سکے گا۔




XS
SM
MD
LG