ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ ایران میں جاسوسی کے الزام میں سزا پانے والے دو امریکی باشندوں کو "آئندہ ایک دو روز" میں رہا کردیا جائے گا۔
ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ایرانی صدر نے کہا ہے کہ امریکی شہری شین بائر اور جوش فٹل کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا جائے گا۔ مذکورہ انٹرویو 'این بی سی' کے نمائندے این کری نے لیا تھا جسے منگل کو ٹی وی پروگرام 'ٹوڈے' میں نشر کیا گیا۔
ایرانی حکام نے دونوں امریکی شہریوں کو ان کی ساتھی خاتون کوہ پیما سارا شورڈ کے ہمراہ 2009ء کے وسط میں عراق - ایران سرحد کے نزدیک سے حراست میں لیا تھا۔ تینوں امریکیوں کا موقف تھا کہ وہ شمالی عراق میں کوہ پیمائی کرتے ہوئے غلطی سے سرحد پار کرگئے تھے۔
شورڈ کو ایرانی حکومت نے ایک برس قبل پانچ لاکھ ڈالرز کے ضمانتی مچلکوں پر رہا کردیا تھا جس کے بعد وہ امریکہ روانہ ہوگئی تھیں۔ تاہم ایک ایرانی عدالت نے دونوں مردوں کو آٹھ، آٹھ برس قید کی سزا سنائی تھی۔
بوئر اور فٹل کے وکلاء نے کہا ہے کہ دونوں امریکی شہریوں کو بھی پانچ، پانچ لاکھ کے ضمانتی مچلکوں پر رہا کیا جائے گا۔
کوہ پیماؤں کے حامیوں نے انہیں سنائی گئی سزا کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ایرانی حکومت نے ان کے خلاف عدالت میں کوئی قابلِ اعتبار شہادت پیش نہیں کی۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریا نولینڈ نے کہا ہے کہ وہ ان اطلاعات سے آگاہ ہیں اور سوئس پروٹیکٹنگ پاور کے ذریعے ایرانی حکام سے مزید تفصیلات حاصل کرنے کے لیے کام کررہی ہیں۔