رسائی کے لنکس

امریکہ نے قزاقوں کے چنگل میں پھنسے ایرانیوں کو چھڑا لیا


فائل
فائل

ایرانی کشتی ایک ماہ سےزائد عرصے سے قزاقوں کے قبضے میں تھی جہاں سے قزاقی کی کارروائیاں عمل میں لائی جارہی تھیں۔ گمان ہے کہ یرغمالیوں کو قزاقی کی کارروائیوں میں مدد دینے پر مجبور کیا جا رہا تھا

ایک امریکی بحری جہاز نے بحیرہٴ عرب میں قزاقوں کےچنگل میں پھنسے ہوئے13 یرغمال بنائے گئے ایرانیوں کوچھڑا لیا ہے۔

امریکی بحریہ نے جمعے کوبتایا کہ اُسےجمعرات کو’المولائی‘ نامی ماہی گیری کی ایک ایرانی کشتی سے خطرے کا اشارہ موصول ہوا جسے بحری قزاقوں کی چپو سے کھینے والی کشتی نے گھیر رکھا تھا۔

بیان میں بحریہ نے بتایا ہے کہ امریکی بحری جہاز ’یو ایس ایس کِڈ‘ کے فوجی اہل کاروں کا ایک دستا ایرانی کشتی میں داخل ہوا اور اُن 15قزاقوں کو حراست میں لےلیا، جنھوں نے ایرانیوں کو یرغمال بنا رکھا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی کشتی ایک ماہ سےزائد عرصےسےقزاقوں کے قبضےمیں تھی جہاں سے قزاقی کی کارروائیاں عمل میں لائی جارہی تھیں۔ گمان ہے کہ یرغمالیوں کو قزاقی کی کارروائیوں میں مدد دینے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔

بحریہ کا کہنا ہے کہ رہائی سے قبل ایرانیوں کو کھانا اور طبی امداد فراہم کی گئی، اور اب وہ اپنے گھر کی طرف روانہ ہو چکے ہیں۔


خیال کیا جاتا ہے کہ قزاقوں کا تعلق صومالیہ سےہےجو کہ طیارہ بردار امریکی بحری بیڑے’جان سی اسٹینس‘ پرزیرِ حراست ہیں۔

حالیہ دِنوں میں ایران نے خلیج فارس میں آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکی دی ہے اور خطے میں طیارہ بردار جہازوں کے بیڑے کی موجودگی پرامریکہ کو خبردار کیا ہے، جو ایک معمول سا بن چکاہے۔ امریکی عہدے داروں نے یہ بات واضح کردی ہےکہ خلیج میں معمول کی موجودگی جاری رہے گی۔

XS
SM
MD
LG