داعش نے برطانیہ کی وزارت دفاع کی معلومات ہیک کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور برطانوی فوجی اہلکاروں کی تفصیلات شائع کرنے کی دھمکی دی ہے۔
خود کو ’’داعش کا ہیکنگ ڈویژن‘‘ کہنے والے اس گروپ نے اس سے قبل 70 سے زائد امریکی فوجی اہکاروں کی فہرست آن لائن شائع کی تھی۔
’’اپنے اگلے انکشاف میں ہم داعش کو ایک ذریعے سے ملنے والی خفیہ انٹیلی جنس کا انکشاف بھی کر سکتے ہیں جسے لندن میں وزارت دفاع سے حاصل کرنے کے لیے برطانیہ میں بھائیوں نے کافی وقت صرف کیا۔‘‘
ہیکنگ ڈویژن نے مزید کہا کہ ’’ہم انگلینڈ اور امریکہ میں خفیہ طریقے سے آن لائن اور آف لائن دراندازی کر رہے ہیں۔‘‘
برطانوی وزارت دفاع نے کہا اس کی معلومات چوری ہونے کی خبریں غیر تصدیق شدہ ہیں اور برطانیہ اور امریکہ دونوں کے حکام نے ان کی صداقت پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مارچ میں شائع کی گئی فہرست میں شامل امریکی فوجی اہلکاروں کی معلومات قابل رسائی ذرائع مثلاً اخبارات و فوجی رسائل سے حاصل کی گئی ہیں۔