رسائی کے لنکس

پاکستان: لیبیا کے سفارت خانے پر عبوری کونسل کا جھنڈا


لیبیا کی عبوری کونسل کا پرچم
لیبیا کی عبوری کونسل کا پرچم

پاکستان میں لیبیا کے سفارت خانے پر کرنل معمر قذافی کی مخالف کونسل کا جھنڈا لہرا دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں لیبیا کے سفیر الحاج ابراہیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 23 اگست کو اپنے تمام سفارتی عملے کے ساتھ ایک طویل اجلاس کے بعد اُنھوں نے عبوری قومی کونسل کے ساتھ وفاداری اور اس کی سربراہی میں کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسی فیصلے کی روشنی میں اسلام آباد میں لیبیا کے سفارت خانے پر کونسل کا سرخ، سیاہ اور سبز پٹیوں والا جھنڈا لہرایا گیا ہے اور اس تبدیلی کے بارے میں پاکستانی حکام کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

تاہم جمعرات کو ہفتہ وار نیوز کانفرنس کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ سےجب لیبباکے سفارت خانے میں ہونے والی تبدیلی کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا ’’سرکاری طور پر ابھی اس بارے میں حکومت پاکستان کو کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ ‘‘

دفتر خارجہ کی ترجمان نے لیبیا کے حالات پر اپنے ملک کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت وہاں صورت حال غیر واضح ہے اور پاکستان بغور جائزہ لے رہا ہے۔

’’طرابلس میں پاکستانی سفارت خانہ بھی مکمل طور پر فعال اور حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان تمام ریاستوں کی خود مختاری، سیاسی آزادی اور علاقائی سلامتی کے اصولوں کے مدنظر رکتھے ہوئے لیبیا کے حالات کا مسلسل جائزہ لے رہا۔‘‘

کرنل معمر قذافی کی مخالف فورسز اکیس اگست کو دارالحکومت طرابلس میں داخل ہوئی تھیں اور تب سے اب تک کئی ملکوں میں لیبیا کے سفارت خانے مفرور لیڈر کرنل معمر قذافی سے وفاداریاں ختم کرکے عبوری کونسل کے ساتھ وفاداری اور اس کا جھنڈا لہرانے کا اعلان کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG