اسرائیلی پولیس نے بتایا ہے کہ مشرقی یروشلم کے علاقے سِلوان میں بدھ کے روز ایک اسرائیلی محافظ نے یہودی بستیوں کے خلاف احتجاج میں شریک ایک فلسطینی شہری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کار میں سوار محافظ نے گولی اُس وقت چلائی جب کچھ مظاہرین نے ان کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر اس پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ فائرنگ سے دو فلسطینی مظاہرین زخمی بھی ہوئے۔
اس واقعے کے بعد مقامی افراد اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
حکام کے مطابق سِلوان میں حالیہ ہفتوں کے دوران یہودی بستیوں کی مجوزہ تعمیر کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
اسرائیل نے مغربی کنارے سے ملحقہ مشرقی یروشلم پر 1967ء کی جنگ کے دوران قبضہ کر لیا تھا۔